’تیرے بن‘ کی اداکارہ سبینہ فاروق کو ’دھمکیاں‘، ’جعلی ویڈیوز والی کمائی پر لعنت‘
’تیرے بن‘ کی اداکارہ سبینہ فاروق کو ’دھمکیاں‘، ’جعلی ویڈیوز والی کمائی پر لعنت‘
ہفتہ 18 مارچ 2023 18:10
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سبین فاروق ڈرامہ ’تیرے بن‘ میں مرتسم کے کزن کا کردار نبھا رہی ہیں۔ (فوٹو: جیو انٹرٹینمنٹ)
پاکستانی ڈارمے ’تیرے بن‘ میں حیا کا کردار نبھانے والی اداکارہ سبین فاروق کا کہنا ہے کہ انہیں ڈرامے میں اپنے کردار کے سبب دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔
سنیچر کو انسٹاگرام سٹوری میں سبین فاروق نے لکھا کہ وہ اپنے کردار کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی میمز وغیرہ پر برا نہیں مانتیں ’لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اب جب آپ یوٹیوب پر مضحکہ خیز مواد ڈال رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں تو میں بتا دوں کہ یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے پریشان کن ہے۔‘
سبین فاروق نے لکھا کہ ’یہ صرف ایک کردار ہے۔ کچھ جاہلوں کو کردار اور اداکار کا فرق ہی نہیں پتہ ہوتا۔ ان سے درخواست سے کہ اپنی مایوسی مجھ پر نہ نکالیں۔‘
اداکارہ نے غصے میں لکھا کہ ’جعلی یوٹیوب ویڈیوز والی آپ کی ایسی کمائی پر لعنت۔‘
خیال رہے ڈرامہ ’تیرے بن‘ میں سبین فاروق ڈرامے کے مرکزی کردار مرتسم یعنی وہاج علی کی کزن کا کردار نبھا رہی ہیں۔ ان کا کردار حیا وہاج علی کی محبت میں مبتلا ہے جبکہ وہاج علی ڈرامے کے دوسرے کردار میرب یعنی یمنیٰ زیدی سے محبت کرتے ہیں اور ان سے شادی کر چکے ہیں۔
سبین فاروق کا کردار ڈرامے میں جلن کے سبب مرتسم اور میرب کو علیحدہ کرنے کی سازش میں مصروف ہے۔
اپنے کردار پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے سبین فاروق نے انسٹاگرام سٹوری میں لکھا کہ ’اگر میں اتنی بُری ہوں تو مجھے فالو مت کریں اور حیا کے سینز کو ہٹا دیں۔‘
انہوں نے خبردار کیا کہ ’اب اگر ایک اور دھمکی آئی تو میں آپ کے اور آپ کے یوٹیوب چینلز کے نام شیئر کردوں گی۔‘