ریاض اورجدہ کے گوداموں میں ہولناک آتشزدگی
جمعرات 6 اپریل 2023 21:07
آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا(فوٹو،ٹوئٹر)
ریاض اورجدہ کے گوداموں میں جمعرات کو لگنے والی ہولناک آگ پرقابو پالیا گیا۔ آتشزدگی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سبق اور تواصل ویب سائٹس کے مطابق محکمہ شہری دفاع ریاض کے مطابق جمعرات کوالسلی محلے کے ایک گودام میں آگ لگ گئی تھی جس پر بروقت کارروائی کرکے قابوپالیا گیا۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آتشزدگی کے اسباب دریافت کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔
دریں اثنا جدہ کے القوزین محلے کے گودام میں بھی جمعرات کوآگ لگنے کی اطلاع پرریجنل شہری دفاع کے متعدد یونٹس جائے وقوعہ پرپہنچ گئے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا۔
محکمہ شہری دفاع نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے سلامتی کے وسائل کا اہتمام کریں۔