جورجینا کا عرب ڈیزائنر کے گاؤن میں شوٹ، ’عمارہ لینسز کا حصہ بن کر خوش ہوں‘
گاؤن میں شوٹنگ کی تصاویر کو جورجینا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لگاتے ہوئے ساتھ ایک سٹار بھی دیا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
پرتگال کے سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر جورجینا روڈریگز نے عرب ڈیزائنر کے گاؤن میں فوٹو شوٹ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق لبنانی ڈیزائنر رامی کادی نے سعودی عرب میں مقیم جورجینا روڈریگز کی تصویر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں وہ ہولوگرافک اور کرسٹل سے بنا ہوا نیلے رنگ کا ملائم گاؤن زیب تن کیے ہوئے ہیں۔
جورجینا روڈریگز نے نیا شوٹ عرب برینڈ عمارہ لینسز کے لیے کیا ہے۔ گزشتہ مہینے مارچ میں انہیں برینڈ ایمبیسیڈر بنایا گیا تھا۔
برینڈ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے ویڈیو پیغام میں 29 سالہ ماڈل نے کہا تھا کہ ’میں عمارہ لینسز کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں اور آپ کے ساتھ کام کرنا بہت شاندار ہے۔‘
گاؤن میں شوٹنگ کی تصاویر کو جورجینا نے اپنی انسٹاگرام سٹوری پر لگاتے ہوئے ساتھ ایک سٹار بھی دیا ہے۔
مارچ میں اس برینڈ کے ساتھ کام کے اعلان کے بعد جورجینا روڈریگز کی انسٹاگرام پر نئی تصاویر بھی اپلوڈ کی جا رہی ہیں جس میں وہ آنکھوں میں کلرڈ کانٹیکٹ لینز لگائے نظر آتی ہیں۔
رواں ہفتے ایک شیئر ہونے والی پوسٹ میں ارجنٹائن کی ماڈل گرل کو لبنانی ڈیزائنر نکولس جبران کا بنایا ہوا سفید رنگ کا گاؤن بھی پہنے ہوئے دیکھا گیا۔
اس سے قبل یہ گاؤن بیلجیئم کی ماڈل گرل روس بیرٹرام نے بھی 2021 کے کانز فلم فیسٹیول میں پہنا تھا۔
خیال رہے پرتگالی سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونایئٹڈ کو چھوڑنے کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر سے معاہدہ کیا تھا جس کے بعد ان کی فیملی بھی رواں برس جنوری سے مملکت میں رہائش پذیر ہے۔