رونالڈو کی پارٹنر جورجینا روڈریگز کی بچوں کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کی تردید
پرتگال کے سپر سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بچوں کے بارے میں میڈیا کے دعووں پر ان کے پارٹنر جورجینا روڈریگز کا بیان سامنے آگیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر جورجینا روڈریگز نے ان کے بچوں کو سعودی عرب کے سکولوں میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں میڈیا کے دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جورجینا روڈریگز نے اپنی سٹوری میں اپنے بچوں کے بارے میں میڈیا کی مبینہ خبروں اور دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ’ہمارے بچے ریاض کے نئے سکول میں بہت خوش ہیں۔‘
جورجینا نے اپنی سٹوری میں لکھا کہ ’کچھ نیوز آؤٹ لیٹس نے ہمارے بچوں کے بارے میں کچھ غلط خبریں لکھیں جس پر میں یہ کہنا چاہوں گی کہ وہ بالکل جھوٹ ہیں۔‘
29 سالہ ماڈل کہتی ہیں کہ ’ہمارے بچے شاندار سکول میں پڑھتے ہیں جہاں بہترین پیشہ ور لوگ ہیں۔ وہ ہماری فیملی کے لیے جو کام کرتے ہیں ہم اسے بطور والدین سراہاتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہمارے بچوں کو پیار کرنے والے دوست ملے ہیں اور وہ ریاض کے نئے سکول میں بہت خوش ہیں۔‘
’خوش قسمتی سے ہمارا ہر ملک اور ہر سکول میں تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ ہم سب کی بہت قدر کرتے ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق اس سے قبل امریکی سپینش چینل ٹیلی منڈو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’سکول میں کبھی ایسا ہوتا ہے کہ انہیں مار پڑ جاتی ہے اور اپنا دفاع نہیں کر سکتے اور وہ روتے ہیں۔ اس دن میرے ایک بچے کو مار (ساتھی بچے سے) پڑی۔ میں نے جب اس سے پوچھا تو وہ رونے لگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں سمجھی اس نے ہاتھ پکڑ لیا تھا۔ میں نے پوچھا تمہارے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟ تو اس نے مجھے بتایا کہ ایک بچے نے مجھے مارا ہے جس پر میں نے اسے کہا کہ تو تمہیں نہیں پتا کہ اپنا دفاع کیسے کرنا ہے؟ تم نے گھر پر اس کی تیاری نہیں کی؟‘
جورجینا کے اس بیان پر کچھ انٹرنیشنل میڈیا کی آؤٹ لیٹس نے یہ خبر دی کہ رونالڈو کے بچوں کو مملکت کے سکولوں میں مشکلات سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم نیٹ فلکس سٹار نے ان تمام دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔
خیال رہے پرتگالی سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونایئٹڈ کو چھوڑنے کے بعد گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب کے فٹبال کلب النصر سے معاہدہ کیا تھا جس کے بعد ان کی فیملی بھی رواں سال جنوری سے مملکت میں رہائش پذیر ہے۔