Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں پولٹری مصنوعات مہنگی کرنے پر 2 لاکھ درھم تک جرمانہ

خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے جاری کی جائے گی( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصاد نے پولٹری مصنوعات کے نرخنامے کی پابندی نہ کرنے والے تاجروں اور درآمد کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ کیا ہے۔
انڈوں اور مرغیوں کے نرخوں میں اضافے پر کم از کم  دس ہزار درھم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
الامارات الیوم کے مطابق وزارت اقتصاد نے بیان میں کہا کہ’ نرخناموں کی دوبارہ خلاف ورزی پر جرمانہ دو لاکھ درہم تک کیا جاسکتا ہے‘۔
وزارت  خلاف ورزیوں اور جرمانوں کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے جاری کرے گی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ’ پورے ملک میں انڈوں اور مرغیوں کے نرخ نامے کی پابندی کرانے کے لیے تفتیشی مہم چلائی جائے گی۔ رمضان  کے دوران اور عید کے بعد 300 تفتیشی کارروائیوں کا پروگرام ہے‘۔
بیان کے مطابق’ تجارتی مراکز، کوآپریٹو سوسائٹیوں، مرغیوں اور انڈوں کے ڈیلروں اور پرجون کی دکانوں پر چھاپے مارے جاچکے ہیں‘۔
درآمد کنندگان اوررٹیل کے تاجروں سے کہا گیا کہ’ وہ پولٹری مصنوعات مقررہ نرخ سے زیادہ پر فروخت نہ کریں۔ 13 فیصد اضافے کی اجازت ہے تاہم اس سے زیادہ نرخ نہیں بڑھا سکتے۔ خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا‘۔

شیئر: