’انڈیا سری نگر میں جی 20 اجلاس منعقد کروانے کے لیے آزاد ہے‘
جمعرات 13 اپریل 2023 19:14
گزشتہ جمعے کو انڈیا نے جی 20 اور یوتھ 20 اجلاسوں کا کیلنڈر جا ری کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا نے سری نگر میں جی 20 اجلاس منعقد کروانے پر پاکستان کی مذمت کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں اجلاس بلانے کے لیے آزاد ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’جی 20 میٹنگز پورے انڈیا میں ہو رہی ہیں اور جموں و کشمیر میں ان کا انعقاد بھی ایک قدرتی عمل ہے، جو انڈیا کا اٹوٹ انگ ہے۔‘
گزشتہ جمعے کو انڈیا نے جی 20 اور یوتھ 20 اجلاسوں کا کیلنڈر جا ری کیا تھا جس کے تحت اس کا انعقاد اپریل اور مئی میں سری نگر اور لداخ میں ہونا ہے۔
گزشتہ روز پاکستان نے انڈیا کے زِیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں 22 سے 24 مئی کو جی 20 گروپ کا اجلاس منعقد کرنے کے انڈین حکومت کے فیصلے کی مذمت کی تھی۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’نوجوانوں کے امور پر ایک مشاورتی فورم (وائی 20) اور دو دیگر اجلاسوں کا لیہہ اور سری نگر میں شیڈول بھی اتنا ہی پریشان کن ہے۔‘
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ’انڈیا کا غیر ذمہ دارانہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ انڈیا کی جانب سے جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے تازہ ترین اقدامات کی کڑی ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان ان اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، اس طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتے جو کہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔‘