Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 16 ہلاک، 9 زخمی

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی کی حکومت کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں سول ڈیفنس کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دیرہ میں الراس کے علاقے میں آگ لگنے کی وجہ عمارت کی حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی کمی تھی۔
بیان کے مطابق متعلقہ حکام واقعے کی جامع تفتیش کر رہے ہیں اور وجوہات معلوم کرنے کے لیے ایک مفصل رپورٹ بھی پیش کریں گے۔
تقریباً ساڑھے 12 بجے کے قریب عمارت کی چوتھی منزل کے اپارٹمنٹ میں آگ لگی جس کو تقریباً دو گھنٹے بعد پونے تین بجے بجھایا گیا۔
سوگوران کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دبئی سول ڈیفنس نے ’رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے مالکان اور مکینوں پر زور دیا ہے کہ حادثوں سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات اور قواعدوضوابط پر عملدرآمد کریں اور لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔‘
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے۔
روزنامہ خلیج ٹائمز کے مطابق عمارت میں ایک دکان کے ملازم نے کہا کہ انہوں نے ایک ’زوردار دھماکہ‘ سنا۔
’کچھ لوگوں نے کرایہ داروں کو عمارت سے نکالا بھی تاہم دھواں بہت زیادہ تھا۔‘
ایک اور عینی شاہد کے مطابق فائر انجن، آگ بجھانے والا عملہ اور پولیس کے افسران منٹوں کے اندر پہنچ گئے تھے۔ وہ اپنے ساتھ ایک کرین لائے تھے اور لوگوں کو نکالنے میں مدد کر رہے تھے۔ ان کی بروقت امدادی کارروائی نے کئی لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔‘
دیرہ دبئی ایک گنجان آباد علاقہ ہے جہاں سونے اور مصالحوں کی مارکیٹیں ہیں۔

شیئر: