دبئی میں آتشزدگی سے تین پاکستانیوں کی ہلاکت، وزیراعظم کا اظہار تعزیت
دبئی سول ڈیفنس کے مطابق میں آگ لگنے کی وجہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی کمی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
وزیراعظم شہباز شریف نے دبئی کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں تین پاکستانیوں کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
پیر کو وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ ’دبئی میں ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے تین پاکستانیوں کی ہلاکت کے بارے میں جان کر انہیں بہت دکھ ہوا ہے۔ وہ اس سانحے پر سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مشن کو متاثرہ خاندانوں کی مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔‘
سنیچر کی رات کو متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی کی حکومت کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری ایک بیان میں سول ڈیفنس کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا گیا کہ دیرہ میں الراس کے علاقے میں آگ لگنے کی وجہ عمارت کی حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کی کمی تھی۔
دبئی میں مقیم تاجر نصیر وتنپلی نے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں میں چھ سوڈانی، چار انڈین، کیمرون کا ایک، ایک مصری اور ایک اردن کا شہری بھی شامل ہیں۔