چھوٹی عید کی بڑی فلمیں: باکس آفس پر کس کا ہوگا راج؟
چھوٹی عید کی بڑی فلمیں: باکس آفس پر کس کا ہوگا راج؟
جمعہ 21 اپریل 2023 18:43
عنبرین تبسم
عید پر چار اردو، تین پنجابی اور دو پشتو فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں (فائل فوٹو: پاک سنیما)
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ نے پاکستانی سنیما کو ایک نئی زندگی دی ہے۔ اب شائقین کی امیدیں فلم سازوں سے بہت بڑھ چکی ہیں۔ اب تو وہی فلم چلے گی جس میں معمول سے کچھ ہٹ کر ہو گا۔ شائقین کے پاس بہت سارے پلیٹ فارمز ہیں، لہٰذا پاکستانی سنیما کو تقویت دینے کے لیے معیاری فلمیں بنانا ہوں گی۔
رواں سال عیدالفطر پر پاکستانی سنیما گھروں میں جو فلمیں ریلیز ہونے جا رہی ہیں ان میں چار اردو ’ہوئے تم اجنبی‘، ’منی بیک گارنٹی‘، ’دوڑ‘ اور دادل جبکہ تین پنجابی ’لاہور قلندر‘، ’ببرا گجر‘، ’بشیرا گجر‘ شامل ہیں۔ اسی طرح پشتو کی فلمیں بھی ریلیز ہو رہی ہیں جن کے نام ’اُس خو مے زڑگے شوے‘ اور ’ستا صرف زما‘ ہیں جبکہ دو انگریزی فلمیں بھی ریلیز ہوں گی۔
ہوئے تم اجنبی
اس فلم کو اینکر کامران شاہد نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم کی کہانی 1971 کے پس نظر پر بنائی گئی رومانوی داستان ہے۔ فلم میں ہیرو کا کردار میکال ذوالفقار نے نبھایا ہے جبکہ ہیروئن سعدیہ خان ہیں۔ دیگر کاسٹ میں شاہد حمید، محمود اسلم، ثمینہ پیرزادہ، عدنان جیلانی، شمعون عباسی، عائشہ عمر اور دیگر شامل ہیں۔
فلم میں 11 گانے ہیں جنہیں عابدہ پروین اور علی ظفر جیسے گلوکاروں نے گایا ہے۔ کامران شاہد کا دعویٰ ہے کہ ان کی فلم کا موضوع کسی طور پر بھی سیاسی نہیں ہے۔
بڑے بجٹ سے تیار ہونے والی اس فلم کو شاہد حمید نے پروڈیوس کیا ہے۔ کہانی دو سال میں لکھی گئی جبکہ تیار ہونے میں چھ سال کا عرصہ لگا۔
منی بیک گارنٹی
یہ فلم بھی اپنے ساتھ بہت سارے سرپرائزز لے کر آرہی ہے۔ اس میں شائقین کی دلچپسی کے لیے بہت ساری چیزیں ہیں جیسے وسیم اکرم، شنیرا اکرم اور فواد خان، دیگر کاسٹ میں میکال ذوالفقار، شایان فاروقی، کرن ملک، گوہر رشید، عائشہ عمر، جاوید شیخ، جان ریمبو اور دیگر شامل ہیں جبکہ فیصل قریشی جو اب تک کمرشلز اور ڈرامے بناتے رہے ہیں ان کی یہ بڑی سکرین کے لیے پہلی فلم ہے۔
فلم کو میکال ذوالفقار اور شایان خان نے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ فلم بھی بڑے بجٹ کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔ شائقین اس کو دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
دادل
اس کو ابو علیحہ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ فلم کا دورانیہ دو گھنٹے ہے۔ کہانی کرائم تھرلر لیاری گینگ کے پس منظر پر ہے۔ فلم کی کاسٹ میں محسن عباس حیدر اور سونیا حسین سمیت شمعون عباسی، عدنان شاہ ٹیپو اور اداکارہ مائرہ خان بھی شامل ہیں۔ دادل رحمان ڈکیت کا باپ تھا۔
لیاری میں جو گینگ وار شروع ہوئی تھی اور آرگنائز کرائم شروع ہوئے تھے اس کا پہلا گینگ دادل نے بنایا تھا۔ استعارے کے طور پر یہ کہانی بنائی گئی ہے۔
ایک باکسر لڑکی کا کردار سونیا حسین نے ادا کیا ہے اس کی بہن کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے وہ بدلہ لینے نکلتی ہے دوسری جانب ایک پولیس والا جو کہ بظاہر کرپٹ لگتا ہے کہانی آگے بڑھتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ وہ کتنا بڑا کھلاڑی تھا یہ کردار محسن عباس حیدر ادا کر رہے ہیں۔
ان دونوں کریکٹرز کے گرد کہانی گھومتی ہے۔ فلم میں کامیڈی ایکشن تھرل سب کچھ ہے۔ میوزک بھی شاندار ہے ایوا بی جیسی گلوکارہ نے گیت گائے ہیں۔
دوڑ
فلم ’دوڑ‘ کی کاسٹ میں اسد محمود، عروج چوہدری، سلیم معراج، وسیم علی، اسلم حسن، سردار کمال، اچھی خان، اظہر رنگیلا اور شفقت چیمہ نے کردار ادا کیے ہیں۔
اس کو ندیم چیمہ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ دوڑ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد اس کا آئٹم سانگ بہت زیادہ پسند کیا جا رہا ہے۔
لاہور قلندر
پنجابی کی اس فلم کو شاہد رانا نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس میں اہم کردار صائمہ نور،التمش بٹ، شفقت چیمہ اور مہرین شاہ و دیگر ادا کر رہے ہیں۔
یہ ٹی وی اداکارہ مہرین شاہ کی پہلی فلم ہے۔ دوسری طرف صائمہ نور کے مداح ان کو ایک بار پھر بڑی سکرین پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
یہ فلم اس حوالے سے بھی انفرادیت کی حامل ہے کہ اسے ملٹی پلیکسز کے ساتھ ساتھ سنگل سکرین سنیما گھروں میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کی عکس بندی اندرون لاہور، شاہی قلعہ، مال روڈ ، راوی روڈا ور لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کے علاوہ کرتار پور میں کی گئی ہے۔
فلم میں لاہور کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عید پر ’ببرا گجر‘ اور’بشیرا گجر‘ بھی ریلیز ہو رہی ہیں۔ ان فلموں کے ڈائریکٹر حسین تونسوی اور مسعود بٹ ہیں۔ جن کے ٹائٹل رول حیدر سلطان راہی اور معمر رانا نے ادا کئیے ہیں۔
پشتو فلموں میں ڈائریکٹر ارشد خان کی ’اُس خو مے زڑگے شوے‘ اور شاہد عثمان کی فلم ’ستا صرف زما‘ میں بالترتیب دیدار ملتانی، اچھی خان، فیروزہ، جہانگیر جانی اور ارباز خان نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔