رمضان:مطاف میں داخلہ باب عبدالعزیز سے ہوگا
مکہ مکرمہ ..... مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف امور کی جنرل پریذیڈنسی نے واضح کیا ہے کہ امسال رمضان المبارک کے دوران مطاف میں داخلہ باب الملک عبدالعزیز سے ہوگا۔ انتظامیہ نے رمضان پروگرام تیار کرلیا ہے۔ عملدرآمد15شعبان 1438ھ سے کردیا گیا ہے۔ اسکا سلسلہ 15شوال 1438ھ 60دن تک جاری رہیگا۔ نائب سربراہ شیخ ڈاکٹر محمد الخزیم نے بتایا کہ کوشش کی گئی ہے کہ زائرین اور معتمرین کو مطلوب تمام سہولتیں مہیا ہوں تاکہ وہ آسانی اور یکسوئی کے ساتھ عبادت کرسکیں۔ پروگرام کی تیاری میں جنرل پریذیڈنسی مکہ مکرمہ گورنریٹ اور مدینہ منورہ گورنریٹ کے ساتھ متعلقہ سیکیورٹی اور سرکاری ادارے شریک رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضیوف الرحمن کو علماءو مشائخ اور اساتذہ دینی درس دینگے۔ قرآن پاک کے مترجم نسخے ، کتابچے اور مذہبی پمفلٹ مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ جمعہ کے خطبات کا متعدد زبانوں میں براہ راست ترجمہ پیش کیا جائیگا۔ اشاروں کی زبان میں بھی ترجمے کا اہتمام ہوگا۔ ڈاکٹر الخزیم نے بتایا کہ ایک لاکھ 7ہزار افراد ایک گھنٹے میں طواف کرسکیں گے۔ مسجدالحرام کے مغربی حصے میں جانے کے لئے ملک فہد کی توسیعی عمارت کی زمینی منزل مخصوص کی گئی ہے۔ مشرق کی جانب سے حرم شریف جانے والے مسعی کے تہہ خانے کا باب السلام استعمال کریں۔ مسعی کے زمینی دروازوں سے بھی جایا جاسکتا ہے۔ الخزیم نے توجہ دلائی کہ تیسری سعودی توسیع سے بھی استفادہ کیا جائیگا۔ شمالی حصے کی توسیع کا سارا علاقہ نمازیوں کے زیر استعمال رہیگا۔ مطاف صرف طواف کرنے والوں کیلئے مخصوص ہوگا۔ معتمرین اور زائرین کیلئے صحن مطاف خالی کرالیا جائیگا۔ مطاف کی ساری منزلیں صحن، پہلی منزل، تہہ خانہ اور چھت معتمرین کیلئے مخصوص رہیں گی۔ مسجد الحرام کے شمالی حصے میں پیدل چلنے والوں کیلئے پہاڑی راستے مہیا ہونگے۔ حرم شریف میں رہنما بورڈ نصب کردیئے گئے ہیں۔ معمر افراد اور معذوروں کی وہیل چیئرز حرم شریف لانے لیجانے کا انتظام کردیا گیا ہے۔ حرم شریف کے صحنوں میں طہارت خانے استعمال کیلئے تیار ہیں۔8441 سے زیادہ طہارت خانے تیار ہیں۔ باب الملک عبدالعزیز، باب العمرہ، باب اسماعیل اور باب الملک عبداللہ استعمال کئے جائیں گے۔ 600پنکھے حرم شریف کے صحنوں میں نصب کئے گئے ہیں۔ امانت گھرو ںسے بھی استفادہ کیا جائیگا۔ حرم شریف میں کھانے پینے کی اشیاءلیجانے کی اجازت نہیں۔ بستر ڈالنے پر پابندی ہوگی۔10ہزار سے زیادہ اہلکار زائرین کی خدمت پر مامور ہونگے۔