Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے نواز شریف کی ملاقات ہوئی: مریم اورنگزیب

سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے خاندان کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔ (فوٹو: مریم نواز ٹوئٹر)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو پاکستان کی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹویٹ کیا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود تھیں۔
قائدین نے سعودی پاک برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل پر بات کی۔ قائد نوازشریف کا سعودی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار۔‘
مریم اورنگزیب نے یہ نہیں بتایا کہ کب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے ملاقات کی ہے اور کون سے شہر میں ہوئی ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔
نواز شریف عمرے کی ادائیگی کے لیے 11 اپریل کو سعودی عرب پہنچے تھے۔
2018 میں نواز شریف کو پاکستان کی احتساب عدالت نے کرپشن کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا اور ان کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہوں نے اپنی قید کی مدت شروع کی تھی لیکن بعد میں طبی بنیادوں پر انہیں عارضی ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔
وہ 2019 میں علاج کے لیے لندن چلے گئے تھے، اور اب تک ان کی ملک واپسی نہیں ہوئی ہے۔

شیئر: