سعودی عرب نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے شہریوں کا سوڈان سے انخلا مکمل کرلیا
سعودی عرب نے پاکستان سمیت 12 ممالک کے شہریوں کا سوڈان سے انخلا مکمل کرلیا
ہفتہ 22 اپریل 2023 22:13
سعودی بحریہ اور فضائیہ نے بھی اپنا کردارادا کیا۔ (فوٹو عاجل)
خرطوم میں متعین سعودی سفیر علی بن حسن جعفر نے کہا ہے کہ سوڈان سے سعودیوں سمیت بارہ برادر اور دوست ممالک کے شہریوں کے انخلاکا آپریشن مکمل کرلیا گیا۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے جعفر نے کہا کہ تمام تر بدامنی کے باوجود سعودیوں اور خلیج نیز دوست ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ 158 افراد کے انخلا کا آپریشن منطقی انجام کو پہنچ گیا۔
غیر ملکیوں کو جدہ کے ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے۔ (فوٹو الاخباریہ)
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اعلی قیادت کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے انخلا آپریشن پورا ہوگیا۔ الحمد للہ ہمارے تمام شہری سوڈان سے جدہ پہنچ گئے ہیں۔ سوڈان سے نکالے جانے والے شہریوں میں برادر و دوست ممالک کے باشندے بھی شامل ہیں۔ سفارتکار اور بین الاقوامی عہدیداروں کو بھی انخلا آپریشن کے تحت نکالا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی بحریہ اور فضائیہ نے بھی اپنا کردارادا کیا۔
سوڈان سے پاکستان، بنگلہ دیش، انڈیاِ ، کویت، قطر، امارات، مصر، تیونس، بلغاریہ، فلپائن، کینیڈا اور بارکینا فاسو کے شہریوں کا انخلا عمل میں لایا گیا ہے۔ سعودی عرب نے غیر ملکی شہریوں کو تمام بنیادی سہولیا ت فراہم کردی ہیں انہیں جدہ کے ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔
سعودی بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل یحیی العسیری نے کہا کہ سوڈان سے تمام سعودیوں اور برادر و دوست ممالک کے شہریوں کا انخلا مکمل کرلیا گیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں