سوڈان سے انخلا: سفارتی مشن، السعودیہ کا عملہ اور مختلف ممالک کے شہری جدہ پہنچ گئے
سوڈان سے انخلا: سفارتی مشن، السعودیہ کا عملہ اور مختلف ممالک کے شہری جدہ پہنچ گئے
ہفتہ 22 اپریل 2023 18:39
سعودی سفارتی مشن بھی سوڈان سے مملکت پہنچ گیا۔ (فوٹو عاجل)
سوڈان سے سمندر کے راستے سعودی عرب اور برادر و دوست ممالک کے 158 شہریوں کے انخلا کی کارروائی شروع ہوگئی۔ 2 جہاز جدہ پہنچ گئے۔ دیگر 3 جہازوں سے گیارہ ممالک کے باقی ماندہ افراد سوڈان سے جدہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لیے جنگی جہاز بھی ہمراہ ہے۔
العربیہ نیٹِ، عاجل، سبق اور الاخباریہ کے مطابق برادر اور دوست ممالک کے شہریوں کو سوڈان سے جدہ پہنچنے پر ہوٹلوں میں ٹھہرا دیا گیا ہے۔ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کی ہدایت پر سعودی شہریوں کے سوڈان سے انخلا کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
سوڈانی فوج نے سنیچر کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی سفارتی مشن کو بری راستے سے خرطوم سے پورٹ سوڈان اور وہاں سے ہوائی جہاز کے ذریعے مملکت منتقل کردیا گیا۔ اردنی سفارتی مشن کا انخلا بھی اسی طریقے پر عمل میں لایا جائے گا۔
السعودیہ ایئرلائن کا عملہ بھی جدہ پہنچ گیا۔ (فوٹو الاخباریہ)
سوڈانی فوج نے توجہ دلائی ہے کہ جنرل عبدالفتاح البرھان سے کئی ملکوں کے سربراہوں نے رابطے کرکے اپنے شہریوں کے انخلا کو محفوظ اور آسان بنانے کی درخواستیں کی ہیں۔ سفارتی مشنوں کے انخلا کے حوالے سے بھی رابطے کیے گئے ہیں۔
سوڈانی فوج نے بتایا کہ جلد ہی امریکہ، برطانیہ، فرانس اور چین اپنے سفارتکاروں اور شہریوں کاانخلا عسکری جہازوں کے ذریعے کریں گے۔
سوڈان میں سعودی سفیر نے کہا کہ تین قافلوں کے ذریعے سعودیوں اور برادر و دوست ممالک کے شہریوں کو پورٹ سوڈان پہنچا دیا گیا ہے جہاں سے انہیں سعودی عرب منتقل کیا جائے گا۔ کسی بھی کاررواں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی۔ تینوں قافلوں میں شامل افراد کسی بھی فریق کی جانب سے دخل اندازی کے بغیر پورٹ سوڈان پہنچ گئے۔
دوسری جانب کویت نے اعلان کیا ہے کہ اس کے تمام شہری سوڈان سے نکال لیے گئے ہیں۔ وہ سوڈان سے جدہ پہنچ چکے ہیں۔ وہاں سے کویت لائے جائیں گے۔
کویتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سوڈان سے کویتیوں کی جدہ منتقلی کو آسان بنانے میں سعودی عوام کے شکر گزار ہیں۔
جدہ پہنچنے والے دوست ممالک کے شہریوں کو ہوٹل منتقل کردیا گیا۔ (فوٹو السعودیہ چینل)
یاد رہے کہ رمضان المبارک کے آخری دنوں میں سوڈان کے حالات بحران کی شکل اختیار کر گئے۔ السعودیہ کا ایک طیارہ خرطوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حادثے کا شکار ہوا جس کے بعد السعودیہ نے سوڈان کے لیے اپنی تمام پروازیں بند کردیں۔
السعودیہ کے متاثرہ طیارے کا عملہ سنیچر کو سوڈان سے جدہ پہنچ گیا۔
الاخباریہ چینل نے عملے کی تصاویر جاری کردیں جن میں وطن واپسی پر وہ خوش نظر آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ سوڈان میں فوج اور نیم فوجی گروپ کے درمیان جھڑپیں چل رہی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں