سوڈان میں خدمات کا فقدان مزید اموات کا سبب بن سکتا ہے، عالمی ادارہ صحت
جمعرات 27 اپریل 2023 10:55
سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں 61 فیصد صحت ادارے بند ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ سوڈان میں صحت خدمات کے فقدان، خوراک اور پانی تک رسائی میں دشواری اور بیماریاں پھیل جانے کے باعث مزید اموات ہوسکتی ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے بدھ کو خرطوم میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گھمسان کی لڑائی کے ماحول میں بنیادی سہولیات کی قلت کے باعث مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا قوی امکان ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے توجہ دلائی کہ سوڈان میں بنیادی صحت خدمات معطل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں 61 فیصد صحت ادارے بند ہیں جبکہ صرف 16 فیصد صحت ادارے معمول کے مطابق کام کررپا رہے ہیں۔
بیشتر مریض لاعلاج امراض میں مبتلاہیں ان دنوں گردے، ذیابیطس اور کینسر جیسی بیماریوں میں مبتلا افراد کو نہ تو مطلوبہ ادویہ فراہم ہیں اور نہ ہی ان کی رسائی صحت اداروںتک ممکن ہوپا رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ عالمی ادارہ صحت کے سٹاک میں بنیادی ادویہ، خون اور آپریشن کے لیے درکار وسائل محفوظ ہیں تاہم گودام تک محفوظ رسائی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ سوڈان میں جاری جنگ کے دوران 14 صحت اداروں پر براہ راست حملے ہوئے ہیں۔