Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان سے پاکستانیوں کا انخلا، مزید 140 شہری وطن واپس پہنچ گئے

سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا آپریشن کامیابی سے جاری ہے اور پاکستان کی ایئرفورس کا ایک اور طیارہ مزید 140 شہریوں کو لے کر کراچی پہنچا ہے۔
اتوار کو پاکستان ایئرفورس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آج صبح پاک فضائیہ کا ایک اور ایئربس طیارہ 140 ہم وطنوں، بشمول بچوں اور اہل خانہ کو لے کر بحفاظت کراچی پہنچ گیا۔
’پاکستان ایئرفورس وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر انخلا کے مشن کو اس عہد کے ساتھ انجام دے رہی ہے کہ تنازع زدہ علاقے میں پھنسے ہوئے آخری پاکستانی کی بحفاظت وطن واپسی تک یہ مشن جاری رکھے جائیں گے۔‘
گزشتہ روز بھی پاکستان ایئرفورس کا ایک طیارہ 96 شہریوں کو لے کر کراچی پہنچا تھا۔ اس طرح تنازع زدہ علاقے سے ایئرلفٹ کیے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد پانچ سو کے قریب ہو گئی ہے۔
ایئرفورس کے مطابق ’پاک فضائیہ کے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا کے کامیاب مشن کو حکومت پاکستان اور عوام نے بے حد سراہا ہے۔‘
واضح رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر کے شہریوں کو سوڈان سے نکالنے کے لیے سفارتی ذرائع استعمال کر رہا ہے اور اب تک 80 ملکوں کے پانچ ہزار کے قریب شہریوں کو بحری اور فضائی راستوں سے بحفاظت مملکت پہنچا چکا ہے۔

شیئر: