جنگ زدہ سوڈان سے مزید 211 پاکستانیوں کا انخلا: بلاول بھٹو زرداری
سوڈان سے غیرملکی شہریوں کو جدہ کی کِنگ فیصل نیول بیس پہنچایا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنگ زدہ سوڈان سے مزید 211 پاکستانیوں کو بندرگاہ تک پہنچا دیا گیا ہے۔
منگل کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کیا کہ وہ پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لیے سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر دوست ممالک کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 500 پاکستانیوں پر مشتمل پہلا قافلہ پیر کو جدہ جانے کے لیے خرطوم سے سوڈان کی بندرگاہ پہنچا تھا۔
وزیرخارجہ کے مطابق اب تک تقریباً 700 محصور پاکستانیوں کو بحفاظت جدہ لے جانے کے لیے خرطوم سے سوڈان کی بندرگاہ پہنچایا جا چکا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ ’ہم سوڈان میں موجود اپنے بھائیوں کے ساتھ وہاں پھنسے افراد کے بحفاظت انخلا کے لیے رابطے میں ہیں۔ سعودی عرب غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے مدد کرتا رہے گا اور اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘
24 اپریل کو سوڈان میں متحارب گروپوں نے 72 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔