سوڈان انخلا: جدہ بندرگاہ پر 24 گھنٹے خدمات کی فراہمی
سوڈان انخلا: جدہ بندرگاہ پر 24 گھنٹے خدمات کی فراہمی
ہفتہ 29 اپریل 2023 19:26
انخلا کے آغاز سے اب تک 11 بحری جہازجدہ بندرگاہ پہنچے(فوٹو، ایس پی اے)
جدہ بندرگاہ کے نائب ڈائریکٹر آپریشنزسعود العنینی کا کہنا ہے کہ سوڈان سے مختلف ممالک کے شہریوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ جدہ اسلامی بندرگارہ پرہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کی بنیاد پرکام جاری ہے۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے العنینی نے مزید کہا کہ ’سوڈان سے انخلا کا عمل جب سے شروع ہوا ہے اب تک 11 جہازوں کے ذریعے مختلف ممالک کے شہریوں کو جدہ لایا جاچکا ہے تاہم انخلا کا عمل جاری ہے۔
العنینی کا مزید کہنا تھا کہ بندرگاہ پرجوازات کے (امیگریشن ادارہ) کے خصوصی کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں موجود اعلی تربیت یافتہ اہلکاروں کو تعینیات کیا گیا ہے جو بلا کسی تاخیر کے وہاں آنے والے غیرملکیوں کی امیگریشن کارروائی مکمل کرتے ہیں بعدازاں انہیں بسوں کے ذریعے قیام گاہوں تک منتقل کیا جاتا ہے۔
مملکت کی اعلی قیادت کی جانب سے جاری خصوصی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے سوڈان سے آنے والوں کے قیام وطعام کا مثالی بندوبست کیا جاتا ہے بعدازاں وہ اپنے ممالک کے سفارتخانوں کے ذریعے اپنے ملک روانہ ہوجاتے ہیں۔
واضح رہے سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اب تک سوڈان سے 4 ہزار 879 افراد کو مختلف بحری جہازوں کے ذریعے جدہ پہنچایا جاچکا ہے جن میں پاکستان ، ہندوستان ، بنگلہ دیش سمیت متعدد عرب و دیگر ممالک کے افراد شامل ہیں۔