سوڈان سے جدہ لائی جانے والی 15 روزہ بچی کی کہانی کیا ہے؟
سوڈان سے جدہ لائی جانے والی 15 روزہ بچی کی کہانی کیا ہے؟
پیر 1 مئی 2023 5:08
15 روزہ بچی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے (فوٹو العربیہ چینل)
پورٹ سوڈان سےایک 15 روزہ بچی کو بحفاظت جدہ کے کنگ فیصل نیول بیس لایا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق شیرخوار کی دادی رابعہ العدویہ نے بتایا کہ ’بچی کا تعلق خرطوم کے کافوری محلے سے ہے۔ پیدائش کے تیسرے دن اس ہسپتال پر حملہ کیا تھا جس میں اس نے جنم لیا تھا۔‘
رابعہ العدویہ کا کہنا تھا کہ ’وہ سب سے پہلے تو اللہ کا شکر ادا کرتی ہیں جس کے فضل و کرم کی وجہ سے بچی محفوظ رہی۔ اس کا اندازہ اس اطلاع کے تناظر میں لگایا جا سکتا ہے کہ ہسپتال جس علاقے میں واقع ہے وہاں زبردست گولہ باری ہوتی رہی ہے۔‘
رابعہ العدویہ نے کہا کہ ’وہ سعودی عرب کے انسانیت دوست مشن پر مملکت کی شکر گزار ہیں۔ متعلقہ حکام نے پورٹ سوڈان سے بچی کو جدہ لانے کے سلسلے میں انتہائی رحمدلی، محبت اور تعاون سے کام لیا۔‘
دوسری جانب شیرخوار کی ماں کا کہنا ہے کہ ’ہم نے خرطوم سے انخلا کا فیصلہ اس وقت کیا جب ہمارا مکان حملہ آوروں کا ہدف بنا ہم نے گھر سے نکلنے کی درخواست کی۔ جسے تیزی سے نمٹا دیا گیا اور ہمیں آرام کے ساتھ کنگ فیصل سی بیس پہنچایا گیا۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں