Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ کا سوڈان سے اپنے شہریوں کے محفوظ انخلا پر سعودی عرب سے اظہار تشکر

سعودی عرب نے خرطوم سے انخلاء کے لیے اپنی کوششوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی دارالحکومت ریاض میں موجود غیر ملکی سفیروں نے سوڈان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکی سنٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے بھی سوڈان سے اپنے شہریوں کے انخلا پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی افواج کے چیف آف جنرل سٹاف فیاض بن حامد الرویلی سے ٹیلی فونک رابطے میں جنرل مائیکل ایرک نے کہا کہ سینکڑوں امریکیوں کے انخلا میں مملکت نے رسائی دینے اور پروازوں کے داخلے کے علاہ وسائل فراہم کیے۔
کمانڈر جنرل مائیکل ایرک نے کہا کہ سعودی عرب کی مدد سے امریکی شہریوں کی سوڈان سے جدہ تک منتقلی ممکن ہوئی۔
اس سے قبل سعودی عرب میں تعینات امریکی سفیر مائیکل رتنی کا کہنا ہے کہ میں سعودی حکومت کے لیے شکریے کے امریکی صدر جو بائیڈن کے پیغام کا اعادہ کرتا ہوں۔

پہلے قافلے میں 25 آسٹریلوی شہریوں کو سوڈان سے نکالنے میں مدد کی۔ فوٹو واس

خرطوم سے امریکیوں شہریوں اور امریکی حکومت کے اہلکاروں کے انخلاء میں مدد اور تعاون اور جدہ میں ان کے استقبال پر سعودی حکومت اور سعودی دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
امریکی سفیر نے مزید کہا کہ ہماری سب سے پہلی ترجیح بیرون ملک مقیم امریکی شہریوں کی حفاظت ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت خارجہ نے 22 اپریل کو رائل سعودی نیول فورسز کے ذریعے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کو سوڈان سے باہر نکالنے کے انتظامات شروع کرنے کا اعلان کیا۔
مملکت نے پہلے ہی دن 91 سعودی شہریوں اور کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، تیونس، پاکستان، بھارت، بلغاریہ، بنگلہ دیش، فلپائن، کینیڈا اور برکینا فاسو سمیت کئی  ممالک کے  باشندوں کو سوڈان سے لانے میں مدد کی۔

 انڈونیشیائی قافلے میں 322 مرد، 199 خواتین اور 36 بچے شامل تھے۔ فوٹو واس

سعودی عرب نے آسٹریلیا، ہندوستان، امریکہ، سربیا، پولینڈ اور جرمنی سمیت 80 ممالک کے 4,879 افراد کو خرطوم سے نکالنے کے لیے اپنی کوششوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔
سعودی عرب  میں تعینات آسٹریلیا کے سفیر مارک ڈونووین نے کہا ہے کہ ہم سعودی حکام اور وزارت خارجہ میں اپنے دوستوں کے تعاون کے بہت مشکور ہیں، خاص طور پر ان لوگوں کے جو جدہ میں ہماری قونصلر ٹیم کے ساتھ مل کر مدد کر رہے ہیں۔
آسٹریلیوی سفیر نے مزید کہا ہے کہ سعودی عرب کی مہمان نوازی ہمیشہ یادگار رہے گی اور جدہ پہنچنے والے آسٹریلوی باشندوں کے ساتھ انتہائی اچھا سلوک کیا گیا ہے۔
مملکت نے اس قافلے میں 25 آسٹریلوی شہریوں کو سوڈان سے نکالنے میں مدد کی ہے۔

جدہ پہنچنے والے آسٹریلوی باشندوں کے ساتھ انتہائی اچھا سلوک کیا گیا۔ فوٹو ٹوئٹر

سعودی عرب نے ہفتے کے روز سوڈان سے سب سے بڑا انخلاء ایک بحری جہاز کے ذریعے کیا جس میں 20 سعودی شہریوں اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1,866 غیر ملکی باشندوں کو جدہ پہنچایا گیا۔
مملکت میں انڈونیشیا کے سفیر عبدالعزیز احمد نے بھی سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سوڈان سے انڈونیشین شہریوں کے انخلاء میں سہولت فراہم کرنے پر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
بیرون ملک انڈونیشین شہریوں کا تحفظ حکومت کی ترجیح رہی ہے اور خرطوم سے انخلاء میں مدد انڈونیشیا اور سعودی عرب کے درمیان بہت اچھے تعلقات اور تعاون کا ثبوت ہے۔

ہم سعودی حکام اور وزارت خارجہ کے دوستوں کے تعاون پر مشکور ہیں۔ فوٹو واس

سفیر عبدالعزیز نے بتایا کہ 26 اپریل کو سعودی عرب  کی  جانب سے فراہم کردہ ایم وی امانہ جہاز کے ذریعے 557 انڈونیشی شہریوں کو سوڈان سے نکالا گیا تھا۔
سوڈان سے نکلنے والے انڈونیشیائی شہریوں کے پہلے قافلے میں 322 مرد شہری، 199 خواتین اور 36 بچے شامل تھے۔
سعودی حکومت کی جانب سے جدہ میں متعدد سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے ساتھ مل کرسوڈان سے آنے والوں کی رہائش اور ان کے اپنے ممالک روانگی کے لیے پروازوں کی بکنگ میں بھرپور مدد کی جا رہی ہے۔
 

شیئر: