مملکت میں منشیات کے خلاف مہم جاری ، مقامی اور غیرملکی گرفتار
مملکت میں منشیات کے خلاف مہم جاری ، مقامی اور غیرملکی گرفتار
منگل 2 مئی 2023 20:25
الجوف ریجن میں ایک 11 رکنی بڑے نیٹ ورک کوگرفتار کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں منشیات کے خلاف مہم وسیع پیمانے پرجاری ہے۔ منشیات کی سمگلنگ اوراس کی مارکیٹنگ میں ملوث افراد کوگرفتار کیا جارہا ہے۔
الجوف ریجن میں سیکیورٹی فورس کے گشتی دستوں نے منشیات فروشی میں ملوث 11 افراد کو گرفتارکرلیا ان میں سے ایک سعودی شہری اور 10 پاکستانی ہیں۔
سبق، اخبار 24 اور عاجل ویب سائٹ کے مطابق گیارہ رکنی گروہ سکاکا شہر میں پرانے طرز کے ایک مکان کو اڈے کے طور پراستعمال کررہا تھا۔ جہاں سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں سے بچاؤ کے لیے سی سی کیمرے بھی نصب تھے۔
الجوف پولیس نے کہا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے نشہ آور پاؤڈر، حشیش، ممنوعہ گولیاں، لیپ ٹاپ، آتشیں اسلحہ ، گولہ بارود اور نقدی برآمد ہوئی۔
پولیس نے توجہ دلائی کہ مقامی شہری اور پاکستانیوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب مدینہ منورہ پولیس نے منشیات فروشی پر نائجیریا کے شہری کو گرفتار کرلیا۔
عسیر ریجن میں محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے حشیش اور نشہ آور اشیا کی فروخت پر چار سعودی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ ، گولہ بارود دیگر ممنوعہ اشیا اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔
نجران ریجن کے سقام سیکٹر میں سرحدی محافظوں کے دستے نے ایتھوپیا کے ایک درانداز کو حشیش سمگل کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
الشرقیہ ریجن میں محکمہ انسداد منشیات نے ایک سعودی شہری کو حشیش، نشہ آور پاؤڈر اور ممنوعہ گولیاں فروخت کرنے پر گرفتار کرلیا۔
محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے قصیم ریجن میں سوشل میڈیا کے ذریعے نشہ آور اشیا کی مارکیٹنگ پر ایک سعودی شہری کو گرفتار کرلیا۔
جازان ریجن کے الدائر سیکٹر کے سرحدی محافظوں نے حشیش سمگل کرنے کی کوشش کرنے والے ایک پاکستانی درانداز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔