Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سٹیل شیٹس بنانے والا پہلا کمپلیکس قائم کیا جائے گا 

کمپلیکس سعودی عرب اور جی سی سی ممالک میں اپنی نوعیت کا پہلا ہوگا (فوٹو،ٹوئٹر)
سعودی آرامکو، چینی کمپنی باوسٹیل اور سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے سعودی عرب میں سٹیل شیٹس تیار کرنے والا سب سے بڑا مکمل کمپلییکس قائم کرنے کا معاہدہ کرلیا۔ 
الشرق الاوسط کے مطابق توقع کی جا رہی ہے کہ کمپلیکس راس الخیر انڈسٹریل سٹی میں قائم کیا جائے  گا۔ یہ  سعودی عرب کے مشرق میں واقع ہے اور مملکت کے ان چار نئے اکنامک سٹیز میں سے ایک ہے جن کا اعلان حال ہی میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے کیا تھا۔ 
مذکورہ کمپلیکس سعودی عرب اور جی سی سی ممالک میں اپنی نوعیت کا پہلا کمپلیکس ہو گا۔ یہ پورے ریجن میں سٹیل سسٹم مہیا کرے گا۔ 
کمپلیکس بھاری سٹیل شیٹس اندرون مملکت تیار کرے گا اور تیار شدہ سٹیل شیٹس برآمد کرنے کے مواقع بھی مہیا ہوں گے۔ 
کمپلیکس کی سالانہ پیداواری صلاحیت ڈیڑھ ملین ٹن تک کی ہو گی۔ 
سعودی آرامکو کے چیئرمین  انجینیئر امین الناصر نے کہا کہ ’یہ منصوبہ مملکت کے صنعتی ڈھانچے میں اہم اضافہ ثابت ہو گا۔ کئی سال سے اس کا جائزہ لیا جارہا  تھا۔‘ 

 کمپلیکس کے قیام سے خطے میں سٹیل کی ضروریات پوری ہوں گی(فوٹو، ٹوئٹر)

انہوں نے کہا کہ ’سٹیل شیٹس مختلف صنعتوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ ابھی تک سٹیل شیٹس درآمد کی جا رہی ہیں۔
 کمپلیکس کے قیام کے بعد مملکت کی ہی نہیں بلکہ پورے خطے کی ضروریات پوری ہوں گی۔ اس سے تقریباً 1800 بالواسطہ اور بلاواسطہ آسامیاں پیدا ہوں گی۔ 80 فیصد سعودائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس کی پیداوار 1.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی درآمدات کی جگہ لے گی۔‘ 

شیئر: