اسرائیل سے اردنی رکن پارلیمنٹ رہائی کے بعد آبائی ملک روانہ
اسرائیل سے اردنی رکن پارلیمنٹ رہائی کے بعد آبائی ملک روانہ
اتوار 7 مئی 2023 20:56
مزید تفتیش و تحقیق کے حصول کے لیے اردنی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو دی میڈیا لائن
اسرائیلی حکام نے اتوار کے روز اردن کے ایک رکن پارلیمنٹ عماد العدوان کو اس کے آبائی ملک بھیج دیا ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیل کی سیکیورٹی ایجنسی نے بتایا ہے کہ اردنی شہری نے مبینہ طور پر اسرائیلی زیرکنٹرول سرحدی کراسنگ سے درجنوں رائفلیں اور ہینڈگن سمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اسرائیل اور ہمسایہ ملک اردن کے درمیان تقریباً 30 سال پرانے امن معاہدے کے باوجود ان دنوں تعلقات کشیدہ ہیں جو کہ اردنی شہری عماد العدوان کی گرفتاری کے باعث مزید کشیدہ ہونے کا خطرہ تھا۔
اسرائیلی کی شن بیٹ سیکیورٹی ایجنسی نے ایک بیان میں دعوی کیا تھا کہ عماد العدوان کو 200 سے زیادہ بندوقوں سے بھرے تھیلوں کے ساتھ 22 اپریل کو گرفتار کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی ایجنسی نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ العدوان نے 2022 کے اوائل سے لے کر اب تک سمگلنگ کی 12 کوششیں کی ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل اردنی قانون ساز نے اپنے سفارتی پاسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے الیکٹرانک سگریٹ، سونا اور پرندے بھی سفر میں اپنے ساتھ رکھنے کی کوشش کی ہے۔
سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ رواں سال کے آغاز میں بھی انہوں نے اسلحہ کی سمگلنگ کی متعدد کوششیں کی ہیں۔
عماد العدوان کو مزید تحقیق اور تفتیش کے پیش نظر انصاف کے حصول کے لیے اردنی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اردن کی وزارت خارجہ یا عماد العدوان کے بھائی نے اس پیش رفت پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں گزشتہ ایک سال کے دوران تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی ہتھیار بہت زیادہ ہو گئے ہیں جس میں ہمسایہ ملک اردن سے سمگل کی گئی بندوقیں بھی شامل ہیں۔
اسرائیل کی حالیہ سخت گیر حکومت نے گزشتہ سال کے اواخر میں اقتدار سنبھالا ہے اور اس کے بعد سے اردن کے ساتھ تعلقات اسرائیلی بستیوں کی تعمیر، مغربی کنارے میں تشدد اور بیت المقدس کے قدیم علاقے میں مقدس مقامات کے بارے میں پالیسیاں تشویشناک ہو گئی ہیں۔