Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاعر معاشرے کا ترجمان ہے، ویلفیئر اتاشی محمود لطیف

حلقہ فکر وفن کے زیر اہتمام ’’ایک شام شہناز مزمل کے نام
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف نے کہا ہے کہ شاعر معاشرے کا ترجمان ہے۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے ہاں نامور شاعر پیدا ہوئے جھنوں نے ادب کی بے پناہ خدمت کی۔محمود لطیف حلقہ فکروفن کے زیر اہتمام مشاعرے " ایک شام شہناز مزمل کے نام " سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال، احمد ندیم قاسمی،فراز احمد فراز، فیض احمد فیض ،پروین شاکر اور دیگر نامور شعراء کرام نے اپنی شاعری سے جہاں محبت کو فروغ دیا وہیں پر اپنی انقلابی شاعری سے لوگوں کو شعور بھی دیا ہے۔قبل ازیں نامور شاعرہ اور اعزازی مہمان شہناز مزمل کا کہنا تھا کہ انکی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ جو بھی ادب کے ایک حرف کی حرمت کو جانتا ہے، اس کو ادب کی جانب لایا جائے اور وہ اس میں بہت حد تک کامیاب بھی رہی ہیں ۔دنیا بھر میں ان کے شاگرد ادب کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔معروف پنجابی شاعر عبدالرزاق تبسم نے محبت بھرا کلام سنا کرحاضرین سے خوب داد وصول کی۔حلقہ فکروفن کی ڈپٹی سیکرٹری اور معروف  شاعرہ ڈاکٹر حنا عنبرین نے بھی پرسوز کلام پڑھا جیسے خوب پسند کیا گیا۔حلقہ فکروفن کے ناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز نے شہناز مزمل کے اعزاز میں مقالہ پڑھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جس طرح انہوں نے ادب کے میدان میں افسانہ نگاری، نثرنگاری اور شعروشاعری کو فروغ دیا ہے، وہ اپنی مثال آپ ہے۔ان کی ادبی خدمات کو دنیا بھر میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ حلقہ فکروفن کے صدر ڈاکٹر ریاض چوہدری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ان کی تنظیم کی جانب سے ہمیشہ یہ کوشش کی گئی ہے کہ ادب سے لگاو رکھنے والوں کے لئے ادبی محافل کا انعقاد کیا جاتا رہے ۔ وہ پاکستانی کمیونٹی کے بے حد ممنون ہیں جو ان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔مشاعرے کے آرگنائزر چوہدری مبین نے کہا کہ عرصہ دراز سے اس طرح کے اچھے مشاعرے کی کمی محسوس کی جارہی تھی ۔اس لئے کوشش کی گئی کہ لوگوں کو بہتر انداز میں شاعری سے لطف اندوز ہونے کا موقعہ فراہم کیا جائے ۔قریب کے دیگر شعراء کرام میں محمد خالد رانا، عقیل قریشی، یوسف علی یوسف اورباقر عباس نے کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق نے ادا کیے اور اپنی شاعری سے حاضرین کو محظوظ بھی کرتے رہے۔تقریب میں حلقہ فکروفن کے سیکرٹری اطلاعات و اشاعت عابد شمعون چاند کو ادب سرائےانٹرنیشنل کی طرف سے تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا جبکہ معروف پاکستانی فلاحی تنظیم سائبان کےچیئرمین زاہد شریف کی طرف سے ادب سرائے کی چیرپرسن شہناز مزمل اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمود لطیف کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا ۔
 

شیئر: