عمان ائیر کا طیارہ ایران کے شیراز ائیرپورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا
عمان ائیر کا طیارہ ایران کے شیراز ائیرپورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا
بدھ 17 مئی 2023 18:21
مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے دوسرے طیارے کا انتظام کیا گیا۔ فائل فوٹو ٹوئٹر
عمان ایئرلائنز کا ایک طیارہ بوئنگ 737 ایران کے شہر شیراز کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عمان ائیر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شیراز ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت رن وے پر موجود ملبے کی وجہ سے طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔
عمان ائیرز نے بتایا ہے کہ 15 مئی 2023 کو ہماری پرواز WY2435 کو حفاظتی اقدامات کے پیش نظر فی الحال فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
ائیرلائنز کی انجینئرنگ ٹیم بوئنگ 737 کو بحفاظت مسقط واپس لانے کے لیے احتیاطی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ضروری کارروائی کر رہی ہے۔
عمان ائیر کا طیارہ گراؤنڈ ہونے کی صورت میں مسقط آنے والی پروازWY2436تاخیر کا شکار ہے۔
عمان ایئر شیراز کے لیے شیڈولڈ فلائٹس آپریٹ نہیں کرتی اور یہی وجہ ہے کہ وہاں ائیرلائنز کا سٹاف تعینات نہیں ہے، حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اس روٹ پر چارٹرڈ فلائٹ کے طور پر تھا۔
ائیرلائنز نے اپنے مسافروں کو تہران سے تقریباً 680 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع شہر شیراز میں مقامی سروس فراہم کرنے والی کمپنی کے تعاون سے رہائش کی سہولت دی ہے۔
مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے دوسرے طیارے کا انتظام کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر امریکی پابندیوں کے باعث ایران میں جہازوں کے امریکی ساختہ سپیئر پارٹس بھی نایاب ہیں جس کی وجہ سے بوئنگ اور ایئربس کے ائیرکرافٹ کی مرمت میں پیچیدگی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔