دنیا کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام یقینی بنائے، سعودی سفیر
دنیا کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام یقینی بنائے، سعودی سفیر
جمعرات 18 مئی 2023 17:03
کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی کے لیے کامیاب بین الاقوامی تخفیف اسلحہ معاہدہ ہے۔ فوٹو عرب نیوز
ہالینڈ میں سعودی سفیر زیاد العطیہ نے کہا ہے کہ دنیا اس بات کو یقینی بنائے کہ بڑے پیمانے پر تباہی کرنے والے کیمیائی ہتھیار دوبارہ نہ پھیلیں۔
عرب نیوز کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی تنظیم (او پی سی ڈبلیو) کی جانب سے بلائے گئے کنونشن سے وہ گذشتہ روز بدھ کو ہالینڈ کے شہر ہیگ میں خطاب کر رہے تھے۔
سعودی سفیر نے کہا کہ دنیا بھر میں کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے یہ کنونشن بلاشبہ تاریخ کا سب سے کامیاب بین الاقوامی تخفیف اسلحہ معاہدہ ہے۔
کنونشن میں سعودی وفد کی قیادت کرتے ہوئے زیاد العطیہ نے کہا کہ او پی سی ڈبلیو کی تاریخ کا یہ اہم موقع ہے جب کیمیائی ہتھیاروں کے اعلان کردہ ذخیروں کو تباہ کرنے کا کام منصوبہ بندی کے مطابق مکمل کرتے ہوئے اہم مقصد حاصل کر لیا گیا ہے۔
زیاد العطیہ نے کہا کہ ان کا ملک جائزہ کانفرنس کی کامیابی کا منتظر ہے کیونکہ آنے والے برسوں میں بین الاقوامی امن و سلامتی برقرار رکھنے میں اپنے کردار کو یقینی بنانے کے لیے غور کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
سعودی سفیر نے کنونشن پر دستخط کرنے والی ریاستوں سے کہا کہ وہ کیمیائی ہتھیاروں پر پابندی تنظیم کے عملی تجربے اور طریقوں سے سیکھے گئے اسباق پردھیان دیں اور ایک روڈ میپ تیار کریں تاکہ تنظیم زیادہ سے زیادہ مؤثر طریقے سے کنونشن کے مقاصد حاصل کر سکے۔
زیاد العطیہ نے کہا کہ سعودی عرب ان اقدامات کو سراہتا ہے جو کنونشن کے تحت ذمہ داریاں پوری کرنے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے انتہائی ضرورت مند ممالک کی مدد کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں