Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات سندھ میں مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا

ایک اندازے کے مطابق گذشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات صوبہ سندھ میں سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا۔
سنیچر کو وزیراعلٰی ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم سالم الزعابی نے وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔
اماراتی سفیر نے وزیر اعلٰی سندھ کو بتایا کہ ’ان کا ملک سیلاب زدگان کے لیے مکانات کی تعمیر میں مدد کرے گا اور اس منصوبے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔‘
اس موقعے پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے ہمیشہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ قریبی سفارتی اور دفاعی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’خلیجی ممالک میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جو سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرتے ہیں۔‘
’یہ پاکستانی ہر چار ارب ڈالر سے زائد رقم پاکستان بھیجتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 2022 میں پانچ ارب 10 کروڑ ڈالر بھیجے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ برس تباہ کن سیلاب سے 1,700 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مجوعی طور پر 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے تھے۔
ایک اندازے کے مطابق گذشتہ برس کے سیلاب سے پاکستان میں 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جس کی وجہ سے حکومت کو ریلیف اور بحالی کے کاموں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی امداد طلب کرنا پڑی۔
سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کے صوبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے جہاں بعض علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے۔

شیئر: