ایران نے علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا سفیر مقرر کر دیا ہے۔
عرب نیوز نے ایرانی خبر رساں ادارے میزان کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں بطور سفیر مقرر ہونے والے علی رضا عنایتی ایران کے وزیرخارجہ کے اسسٹنٹ کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
ایران کی جانب سے مملکت کے لیے سفیر کی تقرری کا اعلان اپریل میں چین کی ثالثی میں تہران اور ریاض کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نیتجے میں سامنے آیا ہے۔
اس معاہدے نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان کئی برسوں کی دشمنی کو ختم کر دیا ہے۔
علی رضا ایران کے وزارت خارجہ میں عرب خلیج امور کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پرحکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کردیے تھے۔