Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل علی اکبر ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کے نئے سیکرٹری

نئے عہدے پر تقرری سے قبل اسلامی انقلابی گارڈ کور میں خدمات انجام دے رہے تھے۔ فوٹو ارنا
ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے پیر کے روز پاسداران انقلاب کے جنرل علی اکبر احمدیان کو ملک کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نیا سیکرٹری مقرر کیا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کی سرکاری ویب سائٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے جنرل نے  67 سالہ علی شمخانی کی جگہ لی ہے جو عرصہ دراز سے سکیورٹی ادارے کے سربراہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق علی اکبر احمدیان کو صدر ابراہیم رئیسی کے حکم سے اعلیٰ سکیورٹی ادارے کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
 سرکاری ویب سائٹ کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے گریجویٹ علی اکبر احمدیان اپنے نئے عہدے پر تقرری سے قبل اسلامی انقلابی گارڈ کور میں سٹریٹجک مرکز کے انچارج تھے۔
جنرل علی اکبر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشاورتی بورڈ میں مصالحت کونسل کے رکن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
 اس سے قبل جنرل احمدیان نے  پاسداران انقلاب کی بحری افواج کے کمانڈر اور گارڈز کے مشترکہ عملے کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض ادا کئے ہیں۔
صدراتی حکم نامے سے سبکدوش ہونے والے علی شمخانی تقریباً  ایک دہائی مدت تک اس عہدے پر فائز رہے ہیں اور انہوں نے مارچ میں ایران کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی تعلقات بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

کچھ خلیجی ممالک سے  کشیدگی کم کرنے کا سہرا علی شمخانی کے سر ہے۔ فوٹو گیٹی امیج

ایرانی عرب نژاد علی شمخانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ خلیجی ممالک کے ساتھ ایران کی برسوں سے جاری کشیدگی کو کم کرنے کا سہرا علی شمخانی کے سر جاتا ہے۔
قبل ازیں علی شمخانی کو ستمبر 2013 میں ایران کی انتہائی قدامت پسند شخصیت سعید جلیلی کی جگہ سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا سربراہ نامزد کیا گیا تھا۔
 

شیئر: