اسرائیلی فوج نے اس کارروائی پر فوری تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
فلسطینی ذرائع کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں گذشتہ رات گئے اسرائیلی فورسز کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران تین فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے نابلس کے بلتا پناہ گزین کیمپ میں ہلاک ہونے والے تین افراد 32 سالہ محمد ابو زیتون، 30 سالہ فتحی ابو رزق اور 24 سالہ عبداللہ ابو حمدان کے ناموں سے پیر کو شناخت کی ہے۔
اے ایف پی کی جانب سے رابطہ کئے جانے کے باوجود اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس کارروائی پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
فلسطینی صدر محمود عباس کی فتح پارٹی کے مسلح ونگ الاقصیٰ شہداء بریگیڈ کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ تینوں الاقصیٰ بریگیڈ کے جنگجو گروپ میں شامل تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل فورسز نے فلسطین کے ساتھ 1967 کی چھ روزہ جنگ کے بعد سے مغربی کنارے کے بیشتر علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے۔
اس علاقے میں تقریباً 30 لاکھ فلسطینی بستے ہیں جب کہ تقریباً 490,000 اسرائیلی علاقے کی قریبی بستیوں میں رہ رہے ہیں تاہم بین الاقوامی قوانین کے تحت ان بستیوں کو غیر قانونی سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور اسلامی جہاد گروپ کے درمیان سرحد پار تنازع کے بعد ہونے والی جنگ بندی کے صرف ایک ہفتے بعد یہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
دونوں فریقوں کے سرکاری ذرائع سے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کے آغاز سے لے کر اب تک کم از کم 153 فلسطینی، 20 اسرائیلی، ایک یوکرینی اور ایک اطالوی اسرائیلی-فلسطین تنازع میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں فلسطینیوں کی جانب سے جنگجو اور عام شہری جب کہ اسرائیل کی جانب سے زیادہ تر عام شہری اور عرب اقلیت کے تین باشندے شامل ہیں۔