Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پی ٹی آئی کی بڑی کامیابی،‘ فردوس عاشق کے پارٹی چھوڑنے پر سوشل میڈیا پر تبصرے

فردوس عاشق اعوان 2017 میں پی پی پی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئی تھیں (فوٹو: ویڈیوگریب)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک اور سینیئر رہنما فردوس عاشق اعوان نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت کو چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔
اسلام آباد میں جمعے کو ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ’میرا پی ٹی آئی کے ساتھ سفر اختتام پذیر ہوا لیکن عوام کے ساتھ سیاسی سفر جاری رہے گا۔‘
فردوس عاشق اعوان 2017 میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہوئی تھیں اور وہ عمران خان کے دور میں پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت کی ترجمان کے عہدے پر بھی فائز رہیں۔
خاتون رہنما کے پی ٹی آئی چھوڑنے کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی صارفین ان کے اس اقدام کے حوالے سے تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
تجزیہ کار مشرف زیدی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’کیا ٹی وی چینلز کے لیے یہ مناسب ہے کہ وہ یہ ٹِکر چلائیں کہ فردوس عاشق اعوان پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہیں؟‘
انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’کیا وہ اپنی اصل پارٹی کے ساتھ وفاداری برقرار نہیں رکھ رہیں؟‘
صحافی و تجزیہ کار خُرم حسین نے پی ٹی آئی پر طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہی ہوتا ہے جب آپ تنکوں سے اپنا گھر بناتے ہیں۔‘
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے کے اعلانات پر کہا کہ ’پی ٹی آئی خزاں کے پتوں کی طرح بکھر رہی ہے۔‘
’اس پارٹی کی کفالت جن لوگوں کی ذمہ داری تھی۔ ان کی لاعلمی تھی کہ ہر سیاسی جماعت کی ریڑھ کی ہڈی اس کے وفادار نظریاتی ورکر اور دوسری صف کی قیادت ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی کو پارٹی بنانے والوں نے سر اور دھڑ دے دیا مگر ریڑھ کی ہڈی نہ دے سکے یا عقل نہیں تھی۔‘
فردوس عاشق اعوان کے پارٹی چھوڑنے کے اعلان کے بعد متعدد صارفین ان پر طنز کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔
وقاص امجد نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’یہ سچ ہے کہ پی ٹی آئی کو پہلا دھچکا راجا ریاض کے جانے سے لگا تھا جس کے بعد پارٹی سنبھل گئی تھی لیکن فردوس عازق اعوان کے جانے سے لگتا ہے کہ پارٹی بکھر گئی ہے۔‘
پی ٹی آئی سے منسلک سردار طیب حیدر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’تحریک انصاف کی بڑی کامیابی، فردوس عاشق اعوان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔‘
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بعد پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما اور سابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بھی جمعے کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس کے دوران جماعت کو چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

شیئر: