Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت میں جھگڑے کے بعد بچوں کو گھر میں تنہا چھوڑنے والے والدین پر مقدمہ

تعلیمی سال مکمل ہونے پر فیملی کو کویت بے دخل کردیا جائے گا ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
کویت میں مقیم مصری جوڑا جھگڑے کے بعد اپنے دوستوں کے یہاں منتقل ہوگیا جبکہ اپنے چھ بچوں کو گھر میں تنہا چھوڑ دیا۔
کویتی جریدے الانبا کے مطابق  پولیس نے بچوں کی نگہداشت میں لاپرواہی پر والدین کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ 
کویتی وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد نے رپورٹ ملنے پر مصری جوڑے  اور ان کے بچوں کے اقاموں میں توسیع نہ کرنے اور تعلیمی سال کے اختتام  تک عارضی اقامہ جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ 
سماجی پولیس نے وزیر داخلہ  کو رپورٹ دی تھی کہ مصری جوڑے میں اختلافات تھے۔ پہلے بچوں کا والد اپنے ایک دوست کے یہاں منتقل ہوگیا کچھ دنوں بعد  والدہ بھی فلیٹ چھوڑ کر چلی گئی۔
بچوں کے لیے کھانے پینے تک کا انتظام نہیں کیا۔ ایک بچی تین ماہ کی ہے۔ والدین کے جانے کے بعد دو بڑے بچوں نے شیر خوار بچی کی نگہداشت کی۔ ان میں سے ایک سکول جاتا جبکہ دوسرا گھر میں رک کر اپنی بہن کی دیکھ بھال کرتا۔
 رپورٹ میں بتایا گیا کہ’ ایک  بچے نے وزارت داخلہ آپریشن روم سے رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا جس پر پولیس نے بچوں کے  والد کو طلب کرلیا‘۔
بچوں کے والد نے بیان میں موقف اختیار کیا کہ ’ وہ بے روزگار ہے۔ اسی وجہ سے اہلیہ کے ساتھ جھگڑے ہورہے ہیں۔ تھک ہار کر چار ماہ قبل گھر چھوڑ کر ایک دوست کے پاس چلا گیا تھا‘۔
’اہلیہ نے اس دوران بچوں کی نگہداشت کی کوشش کی لیکن آخر کار وہ بھی ہمت ہار گئی اور بچوں کو چھوڑ کر اپنی ایک سہیلی کے یہاں منتقل ہوگئی‘۔ 
کویتی پولیس کا کہنا ہے کہ’ شیرخوار بچی کی نگہداشت میں لاپروائی  پر مصری جوڑےکے خلاف کیس درج کرلیا گیا‘۔
’ فیملی کے اقاموں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے تاہم  تعلیمی سال کے اختتام تک انہیں عارضی اقامہ جاری کردیا گیا ہے۔ تعلیمی سال مکمل ہونے پر فیملی کو بے دخل کردیا جائے گا‘۔ 

شیئر: