Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت آنے والے تمام مسافروں کے لیے بائیومیٹرک لازمی

بائیومیٹرک سسٹم سے امیگریشن کی کارروائی میں صرف 40 سیکنڈ لگیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
کویتی امیگریشن حکام نے وزارت داخلہ کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے کویت آنے اورجانے والوں کے لیے بائیومیٹرک نظام کو لازمی  قرار دے دیاگیا ہے۔
کویتی اخبار ’الانبا‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے  فضائی ، زمینی اوربحری راستے سے کویت آنے اورجانے والے کویتیوں ، خلیجی شہریوں اورتمام غیرملکیوں کےلیے بائیومیٹرک سسٹم کو لازمی قراردیا ہے۔
بائیومیٹرک سسٹم کے تحت دونوں ہاتھوں کی تمام انگلیوں کے پرنٹ اورچہرے کی اسکینگ کی جائے گی۔ اس ضمن میں بائیومیٹرک کے خصوصی سسٹم کویت کے تمام امیگریشن آفسز کوفراہم کردیے گئے ہیں۔
کویتی امن عامہ کے ذرائع کا اس حوالے سے مزید کہنا ہے کہ بائیومیٹرک سسٹم کا اجرا مسافروں کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے جس کا مقصد ادارہ امن عامہ کے سسٹم کو فول پروف بنانے کے علاوہ مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی میں ہونے والی تاخیرکوختم کرتے ہوئے مسافروں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نئے سسٹم  سے مسافروں کو امیگریشن کی کارروائی مکمل کرنے میں محض 40 سیکنڈ کا وقت لگے گا جبکہ کسی قسم  انسانی غلطی کا امکان بھی ختم ہوجائےگا۔
نئے نصب کیے جانے والے بائیومیٹرک نظام کو انفارمیشن سسٹمز ایڈمنسٹریشن کے ادارے سے منسلک کیا گیا ہے جہاں مرکزی کنٹرول روم میں تمام ڈیٹا اکھٹا کیاجائے گا۔

بائیومیٹرک سسٹم کے تحت دس انگلیوں کے نشانات فیڈ کرنے ہوں گے(فوٹو، ٹوئٹر)

ذرائع کا مزید کہنا تھاکہ نئے سسٹم کی وجہ سے جعل سازی کے تمام کیسز کی فوری شناخت ممکن ہوسکے گی جبکہ ایسے افراد کے بارے میں بھی معلوم ہوجائے گا جوقانون کومطلوب ہیں یا وہ جنہیں کویت میں ہمشیہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جاچکا ہواوروہ کسی دوسرے جعلی پاسپورٹ پردوبارہ کویت آنے کی کوشش کرتے ہیں۔
 

شیئر: