ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی، کولمبیا نے سعودی عرب کی حمایت کردی
ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی، کولمبیا نے سعودی عرب کی حمایت کردی
ہفتہ 27 مئی 2023 20:18
دوطرفہ تعلقات اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر وزارت خارجہ)
کولمبیا نے ریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کی سرکاری حمایت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس فیصلے کا اعلان سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر، کابینہ کے رکن اور موسمیاتی امور کے ایلچی نے کولمبیا کے وزیر خارجہ الوارو لیوا دوران سے ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے اپنے ہم منصب کا کولمبیا کی جانب سے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے مملکت کی بولی کی حمایت کے لیے شکریہ ادا کیا۔
کولمبیا کی وزارت خارجہ کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق عادل الجبیر نے کولمبیا میں سفارت خانہ قائم کرنے کے عزم کی توثیق کی۔
سینئیر حکام نے توانائی کی منتقلی، صحت اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
کولمبیا کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں حکومتیں ثقافت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشتوں پر کام کر رہی ہیں۔
ایونٹ کی میزبانی کے لیے ریاض کی بولی کو بوسان (جنوبی کوریا)، روم (اٹلی) اور اوڈیسا (یوکرین) کے مقابلے کا سامنا ہے۔
نتائج سے قطع نظر ورلڈ ایکسپو 2030 سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قوموں کو اپنی اختراعات، ثقافت اور خیالات کا اشتراک کرنے کا ایک مثالی موقع فراہم کرے گی۔
1851 سے منعقد ہونے والی یہ نمائش جدید ترین کامیابیوں، ٹیکنالوجیز کی نمائش اور انسانیت کو متحد کرنے والی ثقافتی اقدار کو منانے کا دنیا کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے۔