امدای طیارے پر 30 ٹن سے زیادہ خوراک اور طبی سامان موجود ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے اتوار کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے نواں امدادی طیارہ سوڈان بھیجا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پورٹ سوڈان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے والے امدای طیارے پر 30 ٹن سے زیادہ خوراک اور طبی سامان موجود ہے۔
یہ امدد سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث متاثرہ شہریوں کی مدد کے لیے انسانی ہمدردی کے سعودی انیشیٹو کا حصہ ہے۔
قبل ازیں کنگ سلمان سینٹر کے ایک وفد نے سوڈانی وزیر سے ملاقات کی تھی تامہ سعودی امداد کی تیز تر فراہمی کےلیے لاجسٹک طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب اور امریکہ نے سوڈان کے متحارب دھڑوں پر زور دیا ہے کہ’ وہ ملک میں اس وقت نافذ العمل قلیل مدتی جنگ بندی میں توسیع کے لیے کام کریں‘۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا’ مملکت اور امریکہ نے سوڈان کی مسلح افواج اور ریپڈ فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 29 مئی کو ختم ہونے والی جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع کے لیے بات چیت جاری رکھیں‘۔