شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقوں پر اسرائیل کے میزائل حملے
اسرائیل ماضی میں بھی شام کے دارالحکومت پر حملے کرتا رہا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
شام کے فوجی حکام نے کہا ہے کہ اتوار کو دمشق کے نواحی علاقوں پر اسرائیل نے میزائل حملے کیے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شام کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ دمشق کی طرف فائر کیا جانے والے میزائل اسرائیلی کے زیرقبضہ علاقے گولان ہائٹس کی طرف سے آئے اور کئی مقامات کو نشانہ بناتے چلے گئے۔
تاہم فوجی عہدیدار کی جانب سے ان مقامات کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی۔
شام کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ہمارے ڈیفنس کنٹرول سسٹم نے میزائلوں کا مقابلہ اور ان میں سے کچھ کو گِرایا بھی گیا۔‘
روئٹرز فوری طور پر آزادانہ ذرائع سے دعوے کی تصدیق نہیں کر سکا۔
اسرائیل کئی برسوں سے شام میں ایسے مقامات پر حملے کرتا آ رہا ہے ایران کے قریب ہیں جن کو وہ ’شام میں ایران سے ملحقہ اہداف‘ قرار دیتا رہا ہے۔
شام میں 2011 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے دوران تب سے تہران کا اثرورسوخ بڑھا ہے جب سے اس نے صدر بشارالاسد کی حمایت شروع کی ہے۔