اردنی ولی عہد اور برطانوی شہزادے کی منگنی کی تصاویر میں مماثلت؟
اردنی ولی عہد اور برطانوی شہزادے کی منگنی کی تصاویر میں مماثلت؟
اتوار 21 اگست 2022 4:52
اردنی ولی عہد نے منگنی کی تصویر انسٹا گرام کے پرسنل پیج پر شیئر کی۔ (فوٹو سیدتی)
اردنی ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ الثانی کی منگنی کی تصویر نے برطانوی شہزادے ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی منگنی کی تصویر کی یاد تازہ کر دی ہے۔
سیدتی میگزین کے مطابق اردن کے ایوان شاہی نے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ الثانی کی ریاض میں رجوۃ خالد بن مساعد بن سیف بن عبدالعزیز آل سیف کے ساتھ منگنی کی اطلاع اور تصاویر جاری کیں۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اردنی ولی عہد شہزادہ الحسین اور رجوۃ خالد بن مساعد کی منگنی، برطانوی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی منگنی کی تصاویر میں مماثلت ہے۔
ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ الثانی کی منگیتر رجوۃ خالد بن مساعد بن سیف بن عبدالعزیز نیلے رنگ کا گاؤن زیب تن کیے ہوئے ہیں۔ کیٹ مڈلٹن نے بھی منگنی کے موقع پر نیلے رنگ کا سوٹ زیب تن کیا تھا جو یاقوت اور الماس سے جڑی منگنی کی انگوٹھی سے میچ کر رہا تھا۔
28 سالہ اردنی ولی عہد نے اپنی منگنی کی تصویر انسٹا گرام کے اپنے پرسنل پیج پر شیئر کی اور لکھا کہ ’اس اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس کے فضل سے اچھے کام انجام پاتے ہیں۔ میں اردن کے عظیم خاندان کا شکر گزار ہوں جو ہمیشہ اچھی آرزوؤں کی تکمیل میں بہترین مدد گار اور ساتھی رہا ہے۔‘
ملکہ رانیا نے بھی اپنے بیٹے کی منگنی کی اطلاع سوشل میڈیا پر دی اور تصویر شیئر کرنے کے ساتھ بڑاخوبصورت کیپشن بھی تحریر کیا۔
ایک اور تصویر میں ملکہ رانیا اپنے بیٹے کی منگیتر کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔
اس تصویر پر انہوں نے کیپشن تحریر کیا کہ ’انمول بیٹے الحسین کی منگیتر رجوۃ کو جی جان سے خوش آمدید کہتی ہوں۔ اب تک میری دو بیٹیاں تھیں، اب تین ہوگئی ہیں۔ خوشی بیان سے باہر ہے۔‘