لندن .... میٹروپولیٹن پولیس کمشنر نے کہا ہے کہ برطانیہ میں 6سال کے بچے بھی خود کو لاحق خوف کی وجہ سے اپنے پاس چاقو رکھنے لگے ہیں جبکہ 10سال کا بچہ اسلحہ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے چاقو کے بغیر خود کو انتہائی غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔ نوجوانوں کے مرکز کے دورے کے بعد خاتون کمشنر نے یہ چونکا دینے والے انکشافات کئے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہناتھا کہ چاقوﺅں سے حملے کی وارداتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ مسز ڈک کا کہناتھا کہ ہم اس مسئلے کا حل تلاش کررہے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ نوجوان نسل سے قریبی تعلقات قائم کرنے کیلئے ہم اسکولوں میں مزید افسران تعینات کرینگے۔ کمیونٹی کے گروپ پولیس کے ساتھ تعلقات کےلئے کافی عرصے سے مطالبات کرتے رہے ہیں لیکن پولیس فورس اس پر کام نہیں کررہی۔ایک خاتون نے اس دورے میں بتایا کہ پرائمری اسکولوں میں جاکر طلباءکو چاقو رکھنے سے گریز کی ہدایت دی جانی چاہئے ورنہ تو معاشرے پر اس کے برے اثرات مرتب ہونگے۔ حالیہ ہفتے میں صرف لندن میں چاقو سے حملے کی وارداتو ںمیں زبردست اضافہ ہوا ہے ان میں ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک اورمتعدد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اسکولوں میں بھی ایک دوسرے پر چاقو سے حملے، منشیات کے استعمال اور اسی قسم کے جرائم کی وجہ سے پچھلے 2برسوں میں 70 فیصد اساتذہ نے استعفے دیئے۔