Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن میں کنسرٹ، جذبات مجروح کرنے پر ابرار الحق نے معافی مانگ لی

ابرار الحق کا کہنا ہے کہ کنسرٹ ان کے چیریٹی کے کام کا حصہ تھا۔ (فوٹو: مرتضیٰ علی شاہ/ٹوئٹر)
گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چند دنوں پہلے خیرباد کہنے والے ابرار الحق نے برطانیہ میں کنسرٹ کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔
ابرار الحق نے پچھلے ہفتے لاہور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جماعت کو خیرباد کہا تھا اور پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے وقت انہیں روتا ہوا بھی دیکھا گیا تھا۔
اس کے چند ہی دن بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں پاکستانی گلوکار کو لندن میں کنسرٹ میں پرفارم کرتے پوئے دیکھا گیا جس کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
خود پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے ابرار الحق کا پاکستانی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’ہم لوگ بے وفا لوگ نہیں ہیں اور میں نے اپنی اس غلطی کو تسلیم کیا آج کہ مجھے یہاں (لندن) نہیں آنا چاہیے تھا۔ اگر ہمارے لوگ مجھ سے ناراض ہوتے ہیں تو مجھے نہیں آنا چاہیے تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ لندن میں ہونے والا کنسرٹ دراصل ان کے ٹرسٹ ’سہارا‘ کے لیے تھا جو کہ برطانیہ میں بھی رجسٹرڈ ہے۔
ابرار الحق نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں اندازہ تھا کہ میں انہیں (لوگوں کو) نہیں قائل کرپاؤں گا کہ یہ ہسپتال کے لیے ایک ایکٹیویٹی ہے۔ ہماری چیریٹی (سہارا) رجسٹرڈ ہے یہاں جو کہ بند ہو جائے گی۔ اگر میں نے لوگوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے تو میں معافی چاہتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ رواں مہینے 9 تاریخ کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے تناظر میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنما پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں اور پارٹی کو چھوڑنے والے رہنماؤں میں ابرار الحق بھی ایک ہیں۔
ابرار الحق اپنے سیاسی کیریئر میں دو مرتبہ نارووال سے قومی اسمبلی کا اتنخاب بھی لڑ چکے ہیں لیکن دوںوں مرتبہ انہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شیئر: