Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کا عراقی دارلحکومت میں ایک ارب ڈالر کا تجارتی منصوبہ

بغداد ایونیو عراق کا سب سے بڑا شاپنگ مال بن جائے گا ( فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں ایک بلین ڈالر مالیت کا تجارتی منصوبہ قائم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
عراقی نیوز ایجنسی کے مطابق معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو تقویت ملے گی۔
عراقی نیوز ایجنسی کے مطابق عراق میں سعودی سفیر عبدالعزیز الشمری نے بتایا کیا کہ مملکت نے بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک بڑے تجارتی منصوبے کو تیار کرنے کے لیے عراق کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بغداد ایونیو کے نام سے مشہور یہ منصوبہ عراق کا سب سے بڑا شاپنگ مال بن جائے گا جس میں کافی شاپس، ریستوراں اور تجارتی دفاتر شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ اس منصوبے میں چار ہزار اپارٹمنٹس اور 25 ہزار ولاز ہوں گے۔
عراق میں سعودی سفیر عبدالعزیز الشمری نے کہا کہ ’ بغداد ایونیو ایک ممتاز منصوبہ اور تمام عراقیوں کے لیے حیران کن ہوگا۔ یہ عراق کا سب سے بڑا مال ہو گا اور اس میں بڑے علاقے والے کیفے اور ریستوراں اور بڑی عراقی کمپنیوں کے تجارتی دفاتر شامل ہوں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ عراق اور سعودی تعلقات ایک شاندار مرحلے کی گواہی دے رہے ہیں‘۔
عبدالعزیز الشمری نے شاہ سلمان میڈیکل سینٹر کی ٹیم کے حالیہ دورۂ بغداد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’ عراقی اور سعودی ڈاکٹروں کے درمیان علم کا تبادلہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا مظہر ہے‘۔

سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے عراق میں  سرمایہ کاری کے لیے نئی کمپنی بنائی تھی ( فوٹو: خلیج ٹائمز)

عراق میں سعودی سفیر نے کہاآج ہم نے کنگ سلمان میڈیکل سینٹر کی ٹیم کے دورۂ بغداد کے ذریعے اس کا حقیقی ثمر حاصل کرنا شروع کیا ہے۔ یہ پہلا خصوصی اور عملی دورہ ہے جس کے ذریعے ہم مملکت کے بہترین ماہر ڈاکٹروں کے درمیان تجربات کے تبادلے کا مشاہدہ کرتے ہیں‘۔
عبدالعزیز الشمری نے یہ بھی نوٹ کیا کہ دونوں ممالک جلد ہی اقتصادی اور ثقافتی بات چیت پر مشتمل اجلاسوں کی میزبانی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’ اس کے بعد کا مرحلہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی سرگرمیوں میں نمایاں رفتار کا مشاہدہ کرے گا‘۔
خیال رہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے مارچ میں عراق بھر میں مختلف صنعتوں میں سرمایہ کاری کے لیے ایک نئی کمپنی بنائی تھی جس کا سرمایہ تین بلین ڈالر تھا۔
کمپنی کے سی او او متعب الشطری نے مملکت میں منعقدہ سعودی عراقی رابطہ کونسل کے دوران کہا کہ ’ سعودی عراقی سرمایہ کاری کمپنی انفراسٹرکچر، کان کنی، زراعت، رئیل سٹیٹ کی ترقی اور مالیاتی خدمات میں سرمایہ کاری کرے گی‘۔

شیئر: