Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کی عزت کرتے رہیں گے، شہباز شریف بھی قابل احترام : روسی سفیر

پاکستان میں تعینات روس کے سفیر ڈینیلا گانیچ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی عزت کرتے تھے اور کرتے رہیں گے، بالکل اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف بھی قابل احترام ہیں۔
روسی سفیر ڈینیلا گانیچ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے روس اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات سے متعلق کہا ’پاکستان کی ہر حکومت کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے رہے ہیں۔ یہ تعلق کسی کے شخص کے ساتھ نہیں بلکہ حکومتی سطح پر ہوتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ روس سابق وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعظم شہباز شریف دونوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
روسی سفیر ڈینیلا گانیچ نے تجارتی معاہدے کے حوالے سے کہا کہ ’پاکستان کی ضرورت کے تحت روس خام تیل اور گندم فراہم کرے گا۔ ہم دو طرفہ تجارتی تعلقات پر یقین رکھتے ہیں جس میں یقیناً بہتری آئی گی۔‘
یوکرین جنگ سے متعلق سوال پر روسی سفیر نے کہا کہ ’یوکرین سے ہماری جنگ نہیں تھی مگر مغربی طاقتوں کی کارروائی کے پیش نظر جنگ کرنا پڑی کیونکہ یوکرین اور روس کی سرحد پر مغربی ممالک نے اپنی فوجی تنصیبات تعینات کیں۔‘
بدھ کو پشاور یونیورسٹی کے شعبہ پیس اینڈ کانفلکٹ سٹڈیز میں منعقد ہونے والے سیمینار سے روسی سفیر ڈینیلا گانیچ نے خطاب کیا جس میں اساتذہ کے علاوہ طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
روسی سفیر نے خطاب میں کہا کہ مغربی میڈیا پراپیگنڈہ کر کے یا تاثر دے رہا ہے کہ یوکرین سے جنگ کے بعد روس کو کسی ملک کی حمایت حاصل نہیں رہی اور عالمی سطح پر تنہا ہو چکا ہے۔
انہوں نے خطاب میں کہا کہ روس نہ صرف پاکستان کی حکومت سے مضبوط تعلقات کا خواہاں ہے بلکہ عوام بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ گہرا رشتہ استوار کرنا چاہتا ہے۔

شیئر: