مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائر خواتین خطبہ جمعہ اپنی زبان میں کیسے سنیں؟
ادارہ ترجمہ کے تحت ’آپ کی زبان میں ‘ مہم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب میں مسجد الحرام اورمسجد نبوی میں شعبہ خواتین میں ادارہ ترجمہ کے تحت ’آپ کی زبان میں ‘ مہم کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
اس مہم کا مقصد مختلف ممالک سے آنے والے زائرخواتین کو ان کی زبان میں خطبہ جمعہ کی ترجمہ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
خطبہ جمعہ کا ترجمہ سننے کےلیے مسجد الحرام میں خواتین کےلیے بنے مخصوص حصہ میں بارکوڈ فراہم کیاجاتا ہے جسے سکین کرنے کے بعد خواتین اپنی زبان کا انتخاب کرکے جمعہ کا خطبہ اپنی زبان میں سن سکتی ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق مسجد الحرام میں آنے والی جو زائرخواتین خطبہ جمعہ کا ترجمہ اپنی زبان میں سننا چاہتی ہیں انہیں مخصوص ہیڈ فونز بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔
ادارہ حرمین کے شعبہ خواتین کی تحت ایک اورمہم ’رول ماڈل‘ یعنی مثالی نمونہ کے عنوان سے بھی شروع کی گئی ہے جس میں اردو، انگلش، ترکی اورفرانسیسی زبانوں میں زائرخواتین کی جانب سے استفسارات کے جوابات ہاٹ لائن پر فوری طورپرد یےجاتے ہیں۔
علاوہ ازیں ادارہ حرمین نے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرمتعدد زبانوں کی ماہرخواتین کو بھی تعینات کیا ہے جو زائرخواتین کی بہترطورپر رہنمائی کرتی ہیں۔