چیئرمین نادرا طارق ملک نے وزیراعظم کو اپنا استعفیٰ پیش کر دیا
پاکستان کی نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی(نادرا) کے چیئرمین طارق ملک نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کر کے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔
منگل کی شام طارق ملک کی جانب سے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ ’ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نادرا کے طور پر طارق ملک کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔‘
طارق ملک نے کہا کہ ’اپنے دو سالہ قیام کے دوران 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا، شہریوں کی بھرپور سہولت یقینی بنانا اور ٹیکنالوجی کو ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے استعمال میں لانا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے حال ہی میں انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب پر تیار کی جانے والی ’نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023‘ کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو ان کے لیے اعزاز ہے۔
طارق ملک کے مطابق ’اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم سے پائیدار ترقی کے عالمی مقاصد (SDGs) کی سرگرمیوں کو آگے بڑھاتے ہوئے وہ پاکستان میں پارلیمان کو مضبوط بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے جبکہ زندگی ٹرسٹ کے ذریعے وہ ملک میں بچوں کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔‘
طارق ملک نے کہا کہ وہ ان حقائق کے پیش نظر وہ چیئرمین نادرا کے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں تاکہ پوری لگن اور دلجمعی کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو انجام دے سکیں۔‘
دوسری مرتبہ استعفیٰ
طارق ملک اس سے قبل بھی چیئرمین نادرا کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ انہیں 2013 میں مسلم لیگ نواز کی حکومت نے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔
بعدازاں عدالت سے عہدے پر بحال ہونے کے بعد انہوں نے ’دباؤ اور دھمکیاں‘ ملنے کی بنیاد پر خود استعفیٰ دے دیا تھا۔