وزارت ثقافت کے زیراہتمام نمائش میں سعودی خطاط کے نمونے رکھے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
مخصوص رسم الخط اور تاریخی خطاطی پر مبنی فن پاروں کی نمائش کے دوسرے ایڈیشن کا اہتمام ریاض کے عرقہ ہسپتال میں کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت ثقافت کے زیراہتمام 2 ستمبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں سعودی خطاط اور مصور بیان باربود کے علاوہ زیورات کی خاص ڈیزائنر مصر کی عزہ فہمی کے نمونے رکھے گئے ہیں۔
وزارت ثقافت کی جانب سے ریاض کے نیشنل میوزیم میں گذشتہ سال اس نمائش کے پہلے ایڈیشن کا اہتمام کیا گیا تھا۔
مخصوص انداز میں ڈیزائن کی گئی اس نمائش میں گیارہ ممالک کے 34 خطاط حصہ لے رہے ہیں جب کہ 19 دیگر فنکار بھی چار موضوعات کے تحت نمائش میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
نمائش میں زائرین کو عربی خطاطی کی تاریخ کے حوالے سے جاننے کا موقع ملے گا جس کے ساتھ ساتھ عرب ورثے کی شناخت کو علامتی طور پر اجاگر کیا جائے گا۔
مصری ڈیزائنر عزہ فہمی نے کہا کہ ہم ہمیشہ ثقافت کو مدنظر رکھتے ہوئے عرب تہذیبوں سے اقتباس لیتے ہوئے انہیں مخصوص انداز میں اپنے زیورات میں ڈیزائن کرتے ہیں۔
معروف گرافک ڈیزائنر لارا اسود بھی مخصوص انداز کی لبنانی خطاطی کے نمونوں کے ساتھ نمائش میں حصہ لے رہی ہیں۔
اس موقع پر لارا اسود نے اپنے خاص قسم کے فن اور تخلیقی عمل کی وضاحت کی ہے۔
زائرین کو نمائش کے لیے اتوار کے علاوہ روزانہ صبح گیارہ سے رات گیارہ بجے تک دعوت دی گئی ہے جب کہ جمعہ کے روز اوقات کار سہ پہر دو بجے سے رات گیارہ بجے تک رہیں گے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں