معمر افراد سے بدسلوکی پر 5 لاکھ ریال جرمانہ
مملکت میں معمرافراد کل آبادی کا 6 فیصد ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب نے دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح 15 جون کو معمر افراد کا عالمی دن منایا۔ اس موقع پر بزرگوں کے ساتھ حسن سلوک کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
معمر افراد سے بدسلوکی کے نقصانات کے بارے میں آگہی مہم چلائی گئی۔ بزرگوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں بوڑھے کل آبادی کا چھ فیصد ہیں۔ یہاں ہر اس شخص کو معمر مانا جاتا ہے جس کی عمر 60 برس یا اس سے زیادہ کی ہو۔ 2030 تک مملکت کی کل آبادی کا 15 فیصد معمر افراد ہوں گے۔
81 فیصد سرکاری اداروں میں بوڑھوں کو مناسب سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ سعودی قانون میں بوڑھوں کے حقوق مقرر ہیں۔
اس حوالے سے بوڑھوں کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کا حق دیا گیا ہے اور بوڑھوں کی مرضی کے بغیر ان کی دولت میں تصرف کرنے سے منع کیا گیا ہے۔
سعودی قانون میں بوڑھوں کے ساتھ بدسلوکی پر ایک برس قید اور پانچ لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہے۔