ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کے لیے سعودی امدادی مہم جاری
سنیچر کو17 واں طیارہ 90 ٹن طبی امدادی سامان لے کر ترکیہ پہنچا ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی جانب سے ترکیہ اورشام میں آنے والے تباہ کن زلزلہ زدگان کےلیے امدادی مہم کی ترسیل کا سلسلہ جاری ہے۔
ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سنیچر کو17 واں طیارہ 90 ٹن طبی امدادی سامان لے کرجمہوریہ ترکیہ کے غازی عنتاب ایئرپورٹ پہنچا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب کی جانب سے شام اورترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امداد کا کام جاری ہے‘۔
’ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں‘۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب کی جانب سے عوامی عطیات مہم ’ساھم‘ کے تحت اب تک 52 کروڑ 34 لاکھ 71 ہزار 794 ریال جمع ہوچکے ہیں جو 33 لاکھ 92 ہزار674 افراد کی جانب سے عطیے کے طورپر وصول کیے گئے‘۔