چینی دوستوں کے چہرے سوال کرتے ہیں ہم کب تک قرضے لیں گے: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو مشکل حالات اور چیلینجز کا سامنا ہے۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت شدید معاشی چیلینجز کا سامنا ہے اور چین پاکستان کا بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔
اسلام آباد میں ’پرائم منسٹر نیشنل انوویشن ایوارڈز‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کو شدید معاشی چیلینجز کا سامنا ہے۔
’ آپ نے خبر سنی ہو گی کہ پرسوں چین نے ایک ارب ڈالر پاکستان کو دے دیے ہیں جو سٹیٹ بینک میں آ گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں یہ نہیں چاہوں گا اور نہ کہوں گا ہمیں قرضے لینے چاہیے۔ 75 سالوں میں جو قرضوں کی بھرمار رہی ہے وہ ملک پر بوجھ ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں مشکل حالات آتے ہیں۔ ’لیکن اگر قوم یکسوئی سے فیصلہ کر لیں کہ ہم نے اس مشکلات سے نکنا ہے تو کوئی طاقت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔‘
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کے جو قابل اعتماد دوست ہیں جنہوں نے ہر برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ وہ کہتے تو نہیں لیکن چہروں سے جان سکتے ہیں کہ وہ کہتے ہیں کہ آپ کب تک قرضے لیں گے؟‘
’وہ کہتے ہیں کہ قرضے لے کر اپنے قدرتی ذخائر کو استعمال کر کے، پانی سے چلنے والے بجلی کے کارخانے لگا کر اور دیگر ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے اس مشکل سے نکلیں۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’مجھے لوگ کہتے ہیں کہ تمہارا پنجاب میں جو دور تھا وہ آگے بڑھ رہا تھا لیکن یہاں آپ نے ایک سال میں کیا کیا۔ لیکن یہاں جو مسائل تھے اگر میں ان کا ذکر کرنے لگوں خصوصاً ان کا جو ’مین میڈ‘ تھے تو آپ کے رونگٹھے کھڑے ہو جائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کتنے مشکل حالات اور چیلینجز کا سامنا ہے لیکن چین سمجھ گیا کہ پاکستان مشکل میں ہے اور مدد کر رہا ہے۔ ’سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ ‘