Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرویز خٹک اراکین کو پارٹی چھوڑنے پر اُکسا رہے ہیں،‘ پی ٹی آئی نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا

پرویز خٹک کو سات دنوں میں اپنی سرگرمیوں کی وضاحت کرنے کا کہا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیئر رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کو اظہار وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارٹی کے دیگر اراکین کو پی ٹی آئی چھوڑنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’یہ بات پارٹی کے نوٹس میں آئی ہے کہ آپ پارٹی کے اراکین سے رابطے کر رہے ہیں اور انہیں جماعت چھوڑنے پر اُکسا رہے ہیں۔‘
پرویز خٹک کو جاری کیے گئے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ان معلومات کے تناظر میں آپ سے کہا جاتا ہے اگلے سات دنوں میں ان سرگرمیوں کی وضاحت دیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر پرویز خٹک کا جواب ’غیر تسلی بخش‘ پایا گیا یا انہوں نے جواب نہیں دیا تو پھر پارٹی پارلیسی اور قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد میں گرفتاری کے بعد پُرتشدد احتجاج میں ملک بھر میں حکومتی اور فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا جس کے الزام میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی تھی۔
ان مظاہروں کے بعد پی ٹی آئی کے درجنوں رہنما یا تو پارٹی چھوڑ چکے ہیں یا پھر پارٹی عہدوں سے استعفے دے چکے ہیں۔
سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک بھی ان رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے ایک پریس کارنفرنس میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا تھا اور اعلان کیا تھا کہ وہ آگے کا لائحہ عمل ساتھیوں سے مشاورت کے ساتھ تیار کریں گے۔

کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طلبی کے سمن

‏دریں اثنا لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس کی تفتیش کرنے والے جے آئی ٹئ نے عمران خان اور دیگر ملزمان کی طلبی کے سمن جاری کر دیے۔
عمران خان اور اُن کی اہلیہ بشریٰ بی بی ،حماد اظہر، حسان خان نیازی اور مراد سعید کو آج بدھ کی شام سات بجے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے آفس طلب کیا گیا ہے۔

شیئر: