فوڈ سکیورٹی پر تحقیق کو فروغ دینے کے لیے معاہدے پر دستخط
کاوسٹ اور استدامة نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے دو اعلیٰ سائنسی اداروں نے فوڈ سکیورٹی پرتحقیق کو فروغ دینے اور سہولتوں کے اشتراک کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کنگ عبداللہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی( کاوسٹ) اور نیشنل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر فارسسٹین ایبل ایگریکلچر (استدامة) نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
یونیورسٹی کے نائب صدر برائے تحقیق پیئر مجسٹریٹی نے کہا کہ ’ کاؤسٹ نے ہماری فیکلٹی کے لیے خوراک کو ایک کلیدی تحقیق کے طور پر تسلیم کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ اس معاہدے کے ذریعے ہم سعودی عرب کے سائنسدانوں کی اگلی نسل کو پائیدار زراعت میں تربیت دینے کے لیے بہت زیادہ وسائل پیدا کر رہے ہیں۔ اس تحقیق کا اثر سعودی عرب کے زرعی شعبے پر پڑے گا‘۔
یہ تعاون سعودی عرب کی پائیدار زراعت کو بہتر بنانے میں مدد کے لیے تحقیقی کوششوں اور طلبہ کی تربیت کو آگے بڑھائے گا۔
اس معاہدے کا مقصد سٹریٹجک فصلوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مملکت اور خطے کے لیے پائیدار پودے لگانے کے نظام کی تشکیل کے لیے تحقیق میں استدامة اور کاوست کے درمیان موجودہ تعاون کو تیز کرنا ہے۔
یہ معاہدہ کاوسٹ کے طلبہ اور محقیق کو استدامة میں اپنے تجربات کرنے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو تیار کرنے، ان پر عمل درآمد کرنے اور مشترکہ سائنسی تقریبات کا انعقاد کرنے کی اجازت دے گا۔
استدامة کے جنرل ڈائریکٹر عبدالرحمن الصغیر نے کہا کہ ’ مملکت میں پائیدار زراعت کی ترقی کے لیے تعاون اہم ہے‘۔
یہ ترقی ماحولیاتی توازن کے ساتھ ساتھ سعودی وژن 2030 کے ہدف کے مطابق ہے۔