’فوڈ سیکیورٹی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے‘
سعودی وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس سے خطاب کیا ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ ’فوڈ سیکیورٹی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے فوری اور جامع پلان تیار کیا جائے‘۔
اخبار 24 کے مطابق اتوار کو اسلامی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الجدعان نے کہا کہ ’ان دنوں پوری دنیا جغرافیائی، سیاسی اور اقتصادی چیلنجوں سے گزر رہی ہے‘۔
’اسلامی ترقیاتی بینک( آئی ڈی پی) میں شامل ممالک خطے کی معیشتوں پر پڑنے والے منفی اثرات کو روکنے کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کا گراف بڑھائیں۔ خاص طور پر افراط زر کا دباؤ اور رسد کو درپیش مشکلات کے حل پیشگی بنیادوں پر تیارکریں‘۔
محمدالجدعان نے کہا کہ’ پوری دنیا خصوصا عالم اسلام کو درپیش ترقیاتی تبدیلیوں اورحالات کا تقاضا ہے کہ ادارہ جاتی عمل کو مضبوط کیا جائے‘۔
سعودی وزیر خزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک سے کہا کہ ’وہ فوڈ سیکیورٹی چیلنجوں کے سلسلے میں رکن ممالک کی مدد کے لیے عملی پروگرام تیار کرے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے تیار ہے۔ سعودی عرب تکنیکی مدد کرے گا‘۔
الجدعان نے کہا کہ ’سعودی عرب نے ماحولیات سے متعلق عالمی اہداف کی تکمیل کے لیے متعدد منصوبے اور انشیٹو پیش کیے۔ ان میں گرین مشرق وسطی انشیٹو خاص طور پر قابل ذکر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ اسلامی ترقیاتی بینک اور رکن ممالک ماحولیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے گرین مشرق وسطی انشیٹو کی حمایت کریں‘۔