قربانی کے جانوروں کی آن لائن بکنگ کیسے کرائیں؟
آن لائن بک کرائے گئے قربانی کے جانور بارہ مقامات پر فراہم کیے جائیں گے(فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب میں وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے ریاض اور مدینہ منورہ ریجنوں میں قربانی کے جانوروں کی آن لائن بکنگ کی سہولت فراہم کی ہے۔
دونوں ریجنوں میں آن لائن بک کرائے گئے قربانی کے جانور بارہ مقامات پر فراہم کیے جائیں گے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت ماحولیات کے اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیرملکی اپنی رہائش کے قریب واقع مقامات پر قربانی کے جانور آسانی سے حاصل کریں تاکہ بڑی بکرا منڈیوں میں اژدحام سے بچا جا سکے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ بکنگ ریاض کے سات علاقوں میں پانچ ذی الحجہ سے بارہ ذی الحجہ تک کی جائے گی۔
الجنادریہ، المشاعل، العارض، الملقا، بدر،ظہرۃ لبن اور ظہرۃ نمار میں قربانی کے جانور ان مقامات پر مہیا ہوں گے جو عارضی طور پر اس کام کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
مدینہ منورہ میں طریق علی بن ابن طالب (طریق قریظہ)، السلام روڈ، ینبع روڈ، مسلخ سد الغابہ اور ضبوعہ روڈ پر قربانی کے جانور مہیا ہوں گے۔
وزارت نے کہا کہ ’نما‘ ای گیٹ وزٹ کرکے بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔